0
Monday 16 Dec 2019 19:22

ملک دشمن عناصر کسی بھی لچک یا رحم کے مستحق نہیں، علامہ باقر زیدی

ملک دشمن عناصر کسی بھی لچک یا رحم کے مستحق نہیں، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کو پانچ سال گزر گئے ہیں، لیکن اس کے زخم ابھی تک تازہ ہیں، دشمنوں نے معصوم نہتے طلباء کو دہشتگردی کا نشانہ بنا کر جس بربریت کا اظہار کیا ہے، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ارض پاک کو دہشتگردوں کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے قوم کی دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی نے کہا کہ قوم کے وہ نوجوان اور والدین تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے  اپنے خونی رشتوں پر وطن کی محبت کو مقدم رکھا، سانحہ اے پی ایس میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے طلباء کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذمہ داران کو فوری اور عبرتناک سزائیں دے کر ملک سے دہشتگردی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کسی بھی لچک یا رحم کے مستحق نہیں، ریاست کے دہشتگردوں جماعتوں سے برابری کی بنیاد پر مذاکرات ریاست کی کمزوری کو ظاہر کرتے ہیں، ملک دشمن عناصر سے مذاکرات نہیں کیے جاتے، انہیں ملکی قوانین کے مطابق سزائیں دی جاتی ہیں، ریاست کو کسی بیرونی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر آئینی و قانونی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داران دہشتگرد کو کیفرکردار تک پہنچایا جانا قانون و انصاف کی بالادستی ہے، تاہم  متعدد دہشتگردی کے واقعات کے ذمہ داران ابھی تک اپنے انجام تک نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندانہ کارروائیوں میں ملوث ہر مجرم کو نشان عبرت بنایا جانا چاہیے، تاکہ شہداء کے پسماندگان کے رستے ہوئے زخم مندمل ہوسکیں۔ انہوں نے سانحہ اے پی ایس سمیت ملک بھر کے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے صبر کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 833112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش