QR CodeQR Code

ہماری ان قوتوں کیخلاف لڑائی ہے جنہوں نے دہشتگردی کی آبیاری کی، بلاول بھٹو زرداری

16 Dec 2019 20:07

سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں، مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر انتہا پسندی و دہشت گردی کو بطور آلہ استعمال کیا گیا، اس کا مقصد مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کے لئے پوری قوم کو یرغمال بناکر شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھنا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی کے موقع پر معصوم شہدا اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کا غم ہمارے لئے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی پانچویں برسی پر اپنے پیغام میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتہاء پسندی و دہشت گردی درحقیقت امن و ترقی کی دشمن ہوتی ہے، دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر انتہا پسندی و دہشت گردی کو بطور آلہ استعمال کیا گیا، اس کا مقصد مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کے لئے پوری قوم کو یرغمال بناکر شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ دو ٹوک موقف رہا ہے اور اسی کی پاداش میں پیپلز پارٹی کو بہت قربانیاں دینا پڑی ہیں، پی پی قیادت سمیت بے شمار کارکنان کو اس جنگ کے دوران شہید کیا جاتا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کا غم ہمارے لئے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا، جب تک ملوث قوتوں سے نبرد آزما نہیں ہونگے تب تک یہ سانحہ ہماری تاریخ میں ایک دھبہ رہے گا، ہماری خصوصا ان قوتوں کے خلاف لڑائی ہے جنہوں نے دہشت گردی کی آبیاری کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی  نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے آمر سرپرستوں کے خلاف جدوجہد کے دوران قوم نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، دہشت گردی کے ہاتھوں اپنی جان گنوانے والے 60 ہزار بے گناہ شہریوں میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خون بھی شامل ہے، شہید بی بی کو دہشت گردی اور اس کی پرورش کرنے والی آمریت کے خلاف سینہ سپر ہونے کی پاداش میں قتل کیا گیا مگر اس کے باوجود پیپلز پارٹی انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار نبھاتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت ہمیشہ مساوات پر مبنی، پر امن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لئے سرگرم عمل رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی تمام پاکستانیوں کے حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 833126

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/833126/ہماری-ان-قوتوں-کیخلاف-لڑائی-ہے-جنہوں-نے-دہشتگردی-کی-آبیاری-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org