2
Tuesday 17 Dec 2019 12:03

لاہور، سانحہ اے پی ایس کی یاد میں ادارہ منہاج الحسین میں تقریب کا اہتمام

لاہور، سانحہ اے پی ایس کی یاد میں ادارہ منہاج الحسین میں تقریب کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ادارہ منہاج الحسین کے زیراہتمام طوسی ماڈل سکول میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں طوسی ماڈل سکول کے بچوں نے مختلف خاکے پیش کرکے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔ سرپرست اعلی ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہمارے بچوں پر حملہ کرکے ہماری شہ رگ کو ہاتھ ڈالا، یہ معصوم پھولوں کے خون کی تاثیر تھی کہ اس واقعے کے بعد پوری قوم دہشت گردی کیخلاف ایک پیج پر آ گئی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا ناسور ہمارے ماضی کے حکمرانوں کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کا نتیجہ تھا، آمر ضیاء الحق نے ملک میں اس عفریت کے بیج بوئے اور امریکہ کی خوشنودی کیلئے ملک کو آگ و خون میں جھونک دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء اوران کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ قوم باہمی وحدت سے دہشت گردی کو شکست دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب بھی ضیاء کی باقیات موجود ہیں جو مخصوص تکفیری فکر کی سرپرستی کرتی ہیں، اداروں کو ایسے فکری مریض افراد سے پاک کرنا ہوگا۔ تقریب میں شہدا اے پی ایس کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے  خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر تقریب میں شریک ہونیوالے مہمانوں کو خصوصی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔ شرکاء نے بچوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے خاکوں کو بھی سراہا۔
خبر کا کوڈ : 833216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش