QR CodeQR Code

اسلام آباد میں ساتھی کی ہلاکت کیخلاف اسلامی جمیعت کے لاہور میں مظاہرے، سڑکیں بند

17 Dec 2019 14:55

اسلامی جمعیت طلبہ سائنس کالج نے وحدت روڈ پر بھیکے وال چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سپیڈو بسیں کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دی اور ٹائر جلا کر شدید نعرے باری کی۔ جس سے علامہ اقبال ٹاون، پنجاب یونیورسٹی اور مسلم ٹاون کی جانب سے جانیوالی ٹریفک بند ہو گئی۔ فیروز پور روڈ پر کلمہ چوک میں بھی جمعیت کے کارکنان نے مظاہرہ کرتے ہوئے میٹرو بس کا ٹریک بلاک کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کی اسلامی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکن کی ہلاکت کیخلاف لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سول  لائنز کالج کے طلبہ نے لوئر مال پر پی ایم جی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور چوک کو عام ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ جس کے باعث سول سیکرٹریٹ سے ملتان روڈ، داتا دربار اور مال روڈ کی جانب جانیوالی ٹریفک بری طرح جام ہوگیا۔ چوک یتیم خانہ میں ہونیوالے مظاہرے کے باعث ملتان روڈ اور بند روڈ پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔

اسلامی جمعیت طلبہ سائنس کالج نے وحدت روڈ پر بھیکے وال چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سپیڈو بسیں کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دی اور ٹائر جلا کر شدید نعرے باری کی۔ جس سے علامہ اقبال ٹاون، پنجاب یونیورسٹی اور مسلم ٹاون کی جانب سے جانیوالی ٹریفک بند ہو گئی۔ فیروز پور روڈ پر کلمہ چوک میں بھی جمعیت کے کارکنان نے مظاہرہ کرتے ہوئے میٹرو بس کا ٹریک بلاک کر دیا۔ ادھر مغل پورہ پل پر بھی جمعیت کے ارکان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلام آباد میں قتل ہونیوالے طالبعلم سید طفیل کے قاتلوں کی گرفتاری کے نعرے درج تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسلامک یونیورسٹی انتظامیہ کی لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ کردار کے باعث ہمارے کارکن کی شہادت ہوئی۔ مظاہرین نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی میں ہمارے ہونیوالے پروگرام پر حملہ کرنے والے شرپسندوں اور یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یاد رہے کہ اسلامک یونیورسٹی میں اسلامی جمیعت طلبہ  کی جانب سے منعقدہ تقریب میں جمیعت کے کارکنوں کا دیگر طلباء کے ساتھ تصادم ہو گیا تھا جس میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے طالبعلم سید طفیل جاں بحق ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 833287

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/833287/اسلام-آباد-میں-ساتھی-کی-ہلاکت-کیخلاف-اسلامی-جمیعت-کے-لاہور-مظاہرے-سڑکیں-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org