0
Tuesday 17 Dec 2019 19:05

پرویز مشرف کیخلاف فیصلہ آئندہ کے طالع آزماوں کیلئے عبرت کا باعث بنے گا، اعجاز ہاشمی

پرویز مشرف کیخلاف فیصلہ آئندہ کے طالع آزماوں کیلئے عبرت کا باعث بنے گا، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے سابق ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں خصوصی عدالت سے سزائے موت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چھ سال بعد آنیوالا فیصلہ اب حکومت کیلئے چیلنج ہے کہ وہ کس طرح اس پر عملدرآمد کرتی ہے۔ خصوصی عدالت کا فیصلہ عدلیہ اور ملک کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امید کرتے ہیں کہ اب اس کی سزا پر عملدرآمد بھی ہوگا اور جنرل پرویز مشرف کیخلاف زیرالتوا اکبر بگٹی شہید اور کراچی میں 11 مئی کی قتل و غارت گری کے مقدمات کے حوالے سے بھی قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ لاہور میں اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا فیصلہ ہے جو کسی آئین شکن آمر کیخلاف آیا ہے اور یہ عدلیہ کی آزادی کا اظہار بھی ہے۔

پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہوگا کہ جنرل پرویز مشرف کا وکیل فروغ نسیم اس وقت وفاقی وزیر قانون ہے جبکہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ سابق فوجی آمر کا دست راست رہا ہے اور وہ اب بھی جنرل پرویز مشرف کی محبت کے اسیر ہیں۔ امتحان اب سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران خان کا ہوگا کہ وہ جنرل پرویز مشرف کا ساتھ دیتے ہیں یا عدلیہ کا؟ چونکہ وہ خود سابق فوجی آمر کیخلاف اپوزیشن اور وکلا کی عدلیہ بحالی تحریک کا حصہ رہے ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جنرل مشرف کیخلاف تاریخی فیصلے کو آئین کے تحفظ کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، کیونکہ یہ پہلا فوجی آمر ہے جس نے آئین توڑا، عدلیہ کو معزول کیا، پی سی او جج لگائے اور ملک میں ایمرجنسی نافذ کی اور اب اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے۔ ان شاءاللہ یہ فیصلہ آئندہ کے طالع آزماوں کیلئے عبرت کا باعث بنے گا۔
خبر کا کوڈ : 833325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش