0
Tuesday 17 Dec 2019 19:55

اثاثہ جات کیس، خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

اثاثہ جات کیس، خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت سکھر نے اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کی ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت سکھر نے اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور کرلی ہے، احتساب عدالت نے خورشید شاہ کو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ جج امیر علی مہیسر نے حکم دیا کہ اگلی سماعت پر قومی احتساب بیورو (نیب) ریفرنس فائل کرے۔ دورانِ سماعت وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب ان کے خلاف کوئی ثبوت اور نہ ہی کوئی ریفرنس پیش کرسکی۔ عدالت میں سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، استدعا ہے کہ قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

معزز جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ریفرنس فائل کیا، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس تیار کرکے منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا گیا، اسے 15 روز میں ریفرنس منظوری پر احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب پراسیکیوٹر نے یہ بھی کہا کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرعبوری ریفرنس تیار کیا ہے، خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں 1 ارب 24 کروڑ کے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ واضح رہے کہ نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو سرکاری پلاٹوں پر قبضے، آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں اسلام آباد میں بنی گالا کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 833329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش