0
Tuesday 17 Dec 2019 20:25

اب ہماری عدالتوں سے مشرف کیس جیسے جمہوری فیصلے آتے رہینگے، بلاول بھٹو

اب ہماری عدالتوں سے مشرف کیس جیسے جمہوری فیصلے آتے رہینگے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف سے متعلق جو فیصلہ آیا ہے، وہ تاریخی ہے، اب ہماری عدالتوں سے ایسے جمہوری فیصلے آتے رہیں گے، جس طریقے سے آئین کو بار بار توڑا گیا، انصاف تو ایک دن ہونا تھا، ہم کسی فرد کے خلاف نہیں، جمہوریت کے حق میں ہیں، ہمارے سیاسی قیدیوں کا ایک کیس ثابت نہیں ہوا۔ اندرون سندھ کے علاقے گھوٹکی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف سے متعلق تفصیلی فیصلہ دیکھیں گے، مشرف سے متعلق تاریخ میں پہلی بار ایسا فیصلہ آیا ہے، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم جمہوریت کے حق میں ہیں اور جدوجہد بھی اس کیلئے ہے، تاریخی فیصلے سے ثابت ہوتا ہے، ہماری جدوجہد درست تھی، ایسے فیصلے سے مستقبل میں کوئی غیر جمہوری قدم نہیں اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی قانون سازی میں اپوزیشن سے رابطہ نہیں کیا، آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق تفصیلی فیصلہ آگیا ہے، پیپلز پارٹی کے اجلاس میں مدت ملازمت پر میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔

این آر او کے سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم حکومت کے دباﺅ کے باوجود جمہوریت پر قائم رہے، نیب کے وکلاء نے کوشش کی کہ آج وہ عدالت پیش ہی نہ ہوں اور کیس لٹکا رہے، اب پی پی پی کے سارے کھلاڑی باہر ہیں، کٹھ پتلیوں کا راج ختم ہو جائے گا اور عوامی راج قائم ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم ایک سال میں کوئی قانون سازی نہیں کر پائے، حکومت نے ابھی تک اپوزیشن سے اس سلسلے میں کوئی رابطہ نہیں کیا اور مشکل لگ رہا ہے کہ حکومت اب بھی کوئی قانون سازی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری لوگ عوام پر بوجھ ڈالتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے سسٹم میں ہمیشہ کیلئے مضبوطی آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تفصیلی فیصلہ پر پی پی پی کا موقف سامنے رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 833333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش