0
Tuesday 17 Dec 2019 21:09

پاکستان سے کوئی بھی ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کریگا

پاکستان سے کوئی بھی ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کریگا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان ملائیشیا میں ہونے والے کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا نہ جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملائیشیا نہیں جا رہے اور پاکستان کسی بھی سطح پر اس سمٹ میں شرکت نہیں کرے گا۔ کوالالمپور میں پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا کے لیڈروں کی کانفرنس ہونی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان نے شرکت کرنی تھی لیکن انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکت کرنی تھی لیکن وہ بھی اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملائیشیا اور ترکی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے جنیوا میں ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کرکے اس حوالے سے بات چیت کی ہے اور کل رات مہاتیر محمد سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے، حکام کے مطابق پاکستان اس سمٹ کے بعد سعودی عرب اور ملائیشیا سے بات کرے گا اور ہماری کوشش ہے کہ مسلم امہ تقسیم نہ ہو۔ ذرائع دفترخارجہ کے مطابق پاکستان مسلم امہ کو اکٹھا رکھنے کے لئے اس سمٹ میں شرکت نہیں کررہا، مسلم ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس کانفرنس پر اعتراض کیا تھا کیونکہ وہ کوالالمپور سربراہ اجلاس کو او آئی سی کے متوازی بلاک کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

یہ کانفرنس ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے جو اس بات کا کھلےعام اظہار کر چکے ہیں کہ او آئی سی مسلم امہ کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے اس لیے نیا اتحاد او آئی سی کا متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔ ادھر سعودی عرب سمجھتا ہے کہ اس طرح کا نیا اسلامی بلاک مسلم دنیا میں سعودی عرب کے کردار کو کم کرسکتا ہے، اسی تناظر میں پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے سعودی عرب کے متعدد دورے کیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 833339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش