QR CodeQR Code

مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم بھرپور اپویشن پر متفق

6 Jul 2011 18:46

اسلام ٹائمز:دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں نے عزم ظاہر کیا کہ اگر حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو ان کے سامنے تمام آپشنز کھلے ہیں۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان شام چار بجے ملاقات منعقد ہوئی۔


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ نے بھرپور اپوزیشن کے کردار کا فیصلہ کر لیا، دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں نے عزم ظاہر کیا کہ اگر حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو ان کے سامنے تمام آپشنز کھلے ہیں۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان شام چار بجے ملاقات منعقد ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں سینٹر اسحاق ڈار، سینٹر پرویز رشید، سینٹر مشاہد اللہ اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم کی نمائندگی سینٹر حیدر عباس رضوی، رضا ہارون اور وسیم آفتاب نے کی۔
حیدر عباس رضوی کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات کے علاوہ مہنگائی، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، معاشی زبوں حالی، کرپشن کی سرکاری سرپرستی، امن و امان کی مخدوش صورتحال اور کشمیر میں قانون ساز اسمبلی میں کی جانے والی تاریخ کی بدترین دھاندلی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے گا اور سینٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں متحد ہو کر مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے گا اور اس کا عملی مظاہرہ جلد سامنے آ جائے گا، جس میں دونوں جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی نظر آئے گی، اگر حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو تمام آپشنز ہمارے سامنے کھلے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان ماضی کی تلخیوں سے متعلق ایک سوال پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگر بھارت سے تین جنگیں ہونے کے باوجود مذاکرات ہو سکتے ہیں تو ملکی مفاد کے لئے دونوں جماعتیں بھی مل کر کام کر سکتی ہیں۔ ایک مزید سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر جے یو آئی ف ہمارے ساتھ اپوزیشن میں مشترکہ حکمت عملی کا حصہ بنتی ہے تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 83351

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/83351/مسلم-لیگ-ن-اور-ایم-کیو-بھرپور-اپویشن-پر-متفق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org