0
Thursday 19 Dec 2019 18:15

فوجی ترجمان کا عدالتی فیصلے پر ردعمل افسوسناک ہے، اعجاز ہاشمی

فوجی ترجمان کا عدالتی فیصلے پر ردعمل افسوسناک ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے فوجی ترجمان آصف غفور کے پرویز مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر اعتراض اور ردعمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل مشرف ریٹائرمنٹ کے بعد فوج کا حصہ نہیں، اب وہ سیاستدان اور سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، جس نے انتخابات میں بھی حصہ لیا۔ سول حکومتوں کے خاتمے پر تو آرمی ترجمان نے کبھی ایسے بیان نہیں دیا۔ عدلیہ اور فوج نے ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا۔ آج تک کسی ادارے نے اس پر افسوس کا بھی اظہار نہیں کیا۔ جمہوریت اور ملکی آئین کو تباہ کیا گیا مگر کبھی اس پر فوج کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں عدلیہ نے ہمیشہ ڈکٹیٹروں کا ساتھ دیا، پہلی بار عدلیہ نے جرات مندی کا مظاہرہ کیا اور آئین شکنی کیخلاف فیصلہ دیا ہے جسے پوری قوم اور جمہوریت پسند تعریف کر رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بھی جنرل پرویز مشرف کی حمایت میں بیان بازی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، پارلیمنٹ ہی بالادست ادارہ ہے، جو آئین سازی کرتا ہے، جبکہ سپریم کورٹ آئین کی تشریح کرتی ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور پرویز مشرف کو سزا کا فیصلہ ملکی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا مگر یکے بعد دیگرے مارشل لاوں نے نظام سیاست تباہ کیا، حیرت ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی معزولی کیخلاف ججز بحالی تحریک سے شہرت پانے والے وکلاء میں سے کچھ اسی ڈکٹیٹر کی وکالت کر رہے ہیں۔

جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کو بار بار عدالت میں طلب کیا گیا، نہیں آئے تو اشتہاری قرار دیا گیا۔ جائیداد بھی ضبط کی گئی مگر وہ بیان ریکارڈ کروانے کیلئے عدالت میں پیش نہیں ہوئے، اب حکومت کہتی ہے انہیں فئیر ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا، افسوسناک ہے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ حکومت عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے پرویز مشرف کو وطن واپس لا کر جیل میں ڈالے اور سپریم کورٹ میں ریفرنس فائل کرکے اس کے مستقبل کا فیصلہ کرے۔  
خبر کا کوڈ : 833589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش