0
Friday 20 Dec 2019 21:39
اداروں کا تصادم پوری قوم کیلئے خطرناک ہے

کسی بھی شخص کی لاش کو چوراہے میں لٹکانے کا حکم غیر انسانی و غیر اسلامی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

کسی بھی شخص کی لاش کو چوراہے میں لٹکانے کا حکم غیر انسانی و غیر اسلامی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بااختیار ریاستی اداروں کا ٹکراؤ پاکستان دشمن عالمی قوتوں کی دیرینہ خواہش ہے، جو کبھی بھی پوری نہیں ہوسکے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو سنائی جانے والی سزا کے تفصیلی فیصلے نے پوری قوم کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا ہے، وہ مخالفین جو پرویز مشرف کے خلاف مختصر فیصلے پر کل تک اطمینان کا اظہار کر رہے تھے، آج وہ بھی ججز پر انگلیاں اٹھار رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عدالت کے ایک جج کے تاثرات غیر مہذب اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔ عدل و انصاف کی بالادستی تب ہی ممکن ہے، جب فیصلے جذبات کی بجائے ہوش مندی اور حقائق کو مدنظر رکھ کر کئے جائیں گے، شفاف اور میرٹ پر کئے جانے والے فیصلے ہی عدلیہ کے وقار کے ضامن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی شخص کی لاش کو چوراہے میں لٹکانے کا حکم آئین و قانون کے ہی خلاف نہیں بلکہ غیر انسانی و غیر اسلامی بھی ہے، اس کے جواز میں کوئی دلیل نہیں گھڑی جا سکتی، ریاست کے ذمہ دار عہدوں پر فائز شخصیات آئین کے مطابق خدمات سرانجام دینے کی پابند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو اختیار سے تجاوز کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے، فاضل جج کے ریمارکس سے پورے ملک میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، اس وقت پاکستان کو داخلی و خارجی لاتعداد چیلنجز کا سامنا ہے، پورے خطے میں بحرانوں سمیت پڑوسی ملک بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایسی صورتحال میں ملک کسی داخلی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، اداروں کا تصادم پوری قوم کے لئے خطرناک ہے، ریاستی اداروں کو مل کر دشمن طاقتوں اور ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو شکست دینا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 833904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش