0
Saturday 21 Dec 2019 02:05

بلوچستان اسمبلی میں طلبہ یونین کی بحالی کی قرارداد منظور

بلوچستان اسمبلی میں طلبہ یونین کی بحالی کی قرارداد منظور
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں صوبے میں طلبہ یونینز کی بحالے کے لیے قرارداد منظور کرلی گئی۔ طلبہ یونینز کی بحالی سے متعلق قرارداد رکن صوبائی اسمبلی و رہنما بلوچستان نیشنل پارٹی ثناء اللہ بلوچ نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ بات روز روشن کی طرح سب پر عیاں ہے کہ طلبہ کسی بھی ترقی پذیر اور ترقی یافتہ معاشرے کی سیاسی، سماجی، تعلیمی، معاشی اور مستقبل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ قرارداد کے مطابق طلبہ کے احساسات، خواہشات اور معاشرتی و معاشی معاملات سے متعلق نقطہ نظر طلبہ یونینز کے قیام اور اس کے موثر کردار کے باعث ممکن ہے۔ لہٰذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے، جو صوبے سمیت ملک بھر میں طلبہ یونینز کی فوری بحالی کو یقینی بنائے۔

قبل ازیں اسپیکر قدوس بزنجو کی صدارت میں بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کا آغاز ہوا، جو اس وقت مچھلی بازار میں تبدیل ہوگیا، جب صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو دی جانے والے عدالتی سزا پر نکتہ چینی کی۔ وزیر خزانہ بول رہے تھے کہ اپوزیشن ارکان اختر حسین لانگو، ثناء اللہ بلوچ، نصراللہ خان زہری اور دیگر اپنے نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔ اپوزیشن ارکان نے پرویز مشرف پر تنقید کی اور کہا کہ ان کے دور میں بلوچستان میں بدامنی رہی۔ تاہم حکومتی اراکین نے سابق صدر کے خلاف فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ آئین، قانون اور انصاف کے خلاف ہے جبکہ پرویز مشرف نے پاکستان کی بقا کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔ واضح رہے کہ 9 دسمبر کو سندھ کابینہ نے بھی صوبے میں طلبہ یونین کو بحال کرنے کا بل منظور کر لیا تھا۔

قبل ازیں 29 نومبر کو طلبہ یونین کی بحالی سمیت مطالبات کا چارٹر پیش کرنے کے لیے اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی (ایس اے سی) کی قیادت میں ملک بھر میں طلبہ یکجہتی مارچ ہوا تھا، جس میں طلبہ کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تھی۔ مارچ کے شرکاء کی حمایت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ طلبہ یونین کی حمایت کی ہے، شہید محترمہ بیظیر بھٹو کی جانب سے طلبہ یونین کی بحالی کے اقدام کو جان بوجھ کر معاشرے کو ناکارہ بنانے کے لیے کالعدم کیا گیا۔ علاوہ ازیں ملک میں طلبہ یونین کی بحالی کے مطالبات میں تیزی آنے پر وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں جامعات میں طلبہ یونین کی بحالی کا اشارہ دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 833957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش