QR CodeQR Code

وزراء اور انتظامی افسران کے تاخیری حربے، سندھ اسمبلی کی کارروائی متاثر ہونے لگی

21 Dec 2019 17:34

اس حوالے سے جب متعلقہ محکموں کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ وزراء کو ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوالات اور ان کے جواب ارسال کئے جاتے ہیں مگر محکمہ جاتی سمری پر وزراء تاخیر کرتے ہیں اور صرف آسان و من پسند سوالات کے جواب اسمبلی سیکریٹریٹ کو ارسال کرکے دیگر سوالات روک لیتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزراء کی عدم دلچسپی اور انتظامی افسران کے تاخیری حربے، سندھ اسمبلی کی کارروائی متاثر ہونے لگی۔ سندھ کے 22 محکموں کو اراکین سندھ اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے 1660 سوالات متعلقہ محکموں کو جواب کے لئے ارسال کئے گئے، تاہم محکموں نے صرف 328 سوالات کے جوابات سندھ اسمبلی کو ارسال کئے اور 1332 سوالات کے جوابات ہی نہیں بھیجے، قواعد کے تحت صوبائی محکمے پابند ہیں کہ وہ سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے ارسال کئے گئے سوالات کے جواب 10 روز میں ارسال کریں گے۔ سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کو محکموں کی جانب سے سوالات کے جوابات نہ ملنے پر سندھ اسمبلی کی کارروائی متاثر ہو رہی ہے اور اجلاسوں کے دوران ایجنڈا پر سوالات شامل ہی نہیں کئے جا رہے۔

دستیاب دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ سوالات محکمہ صحت کے پاس زیر التوا ہیں، محکمہ صحت سے متعلق تین سو دس سوالات کئے گئے، مگر صرف ایک سوال کا جواب ارسال کیا گیا، محکمہ بلدیات 188 میں سے صرف تین سوالات کے جواب سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کو بھیجے اور ایک سو اٹھاسی سوالات کے جوابات موصول ہی نہیں ہوئے۔ محکمہ تعلیم نے بھی سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 245 میں سے 180 سوالات کے جواب نہیں دیئے، لائیو اسٹاک فشریز ڈپارٹمنٹ نے چھپن میں سے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، زراعت، زکوۃ و اوقاف، ورکس اینڈ سروسز، اسپورٹس، صنعت و تجارت، خوراک کے محکموں کے پاس بھی 90 فیصد سوالات کے جوابات زیر التوا ہیں۔

اس حوالے سے جب متعلقہ محکموں کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ وزراء کو ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوالات اور ان کے جواب ارسال کئے جاتے ہیں، مگر محکمہ جاتی سمری پر وزراء تاخیر کرتے ہیں اور صرف آسان و من پسند سوالات کے جواب اسمبلی سیکریٹریٹ کو ارسال کرکے دیگر سوالات روک لیتے ہیں، بعض محکموں کے انتطامی افسران بھی سندھ اسمبلی کو جواب دینے میں تاخیر کرتے ہیں اور اس کو اہمیت نہیں دیتے ہیں۔ اس صورتحال پر اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے ایک خط چیف سیکریٹری کو ارسال کیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ اس صورتحال سے اسمبلی کے امور متاثر ہو رہے ہیں، خط میں چیف سیکریٹری نے قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 834071

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/834071/وزراء-اور-انتظامی-افسران-کے-تاخیری-حربے-سندھ-اسمبلی-کی-کارروائی-متاثر-ہونے-لگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org