0
Sunday 22 Dec 2019 16:24

کراچی، جماعت اسلامی کا گرفتار اساتذہ کی رہائی و مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ

کراچی، جماعت اسلامی کا گرفتار اساتذہ کی رہائی و مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے اساتذہ پر پولیس تشدد و گرفتاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار اساتذہ کو رہا، جھوٹے مقدمات ختم اور عدل وانصاف کے مطابق ان کو مستقل کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پہنچ کر اساتذہ کے احتجاجی کیمپ میں اظہار یکجہتی کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ یہ کتنے افسوس و دکھ کی بات ہے کہ اس جمہوری دور میں بھی معزز پیشہ سے وابستہ اساتذہ کرام کو اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے جیل اور لاٹھیاں کھانی پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ مرد و خواتین اساتذہ کے ساتھ توہین آمیز رویہ و بدترین تشدد نے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ایمرجسی کے اعلان کے باوجود اساتذہ کے مسائل کو سن کر افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل حل کرنے کی بجائے کشیدگی کا ماحول تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ این ٹی ایس، سندھ یونیورسٹی اساتذہ گذشتہ دس سالوں سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، ان کو مستقل کرنے کی بجائے شعبہ تعلیم میں 37 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے اعلان حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اساتذہ کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہے، اساتذہ معاشرے کا اہم اور قابل احترام حصہ ہیں، ان کے ساتھ پولیس کا یہ رویہ اور سلوک کسی طرح بھی ایک مہذب معاشرے میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے مسائل حل کرے اور یہ نوبت ہی نہ آئے کہ اساتذہ کرام احتجاج کرنے اور سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں۔ صوبائی امیر نے احتجاجی اساتذہ کو اپنے بھرپور تعاون اور سندھ میں تعلیم کی بہتری کیلئے اساتذہ کرام کو اپنے بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 834196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش