QR CodeQR Code

ملکی دفاع کیلئے جنرل مشرف کی خدمات قابل تعریف ہیں، معصوم نقوی

22 Dec 2019 18:55

جے یو پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قوم بہادرا فواج کیساتھ ہیں، عسکری اداروں کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیں گے جبکہ ملک کسی آئینی بحران اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، اداروں کو سیاسی فیصلوں کی بجائے، حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خصوصی عدالت کے متنازع فیصلے کیخلاف اپیل کرے اور پرویز مشرف کو سنائی جانے والی سزا کو ختم کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کی سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے خصوصی عدالت کی طرف سے سابق صدر پاکستان اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کیخلاف فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عجلت میں دیئے گئے متنازع فیصلے سے ذاتی عناد اور غصے کا اظہار ہوتا ہے، ملکی دفاع کیلئے جنرل مشرف کی خدمات قابل تعریف ہیں، بہادری کے جوہر دکھانے والے جرنیل کو غدار قرار دینا افسوسناک اور اسے بھیانک سزا دینے کی سزا ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مرکزی سیکرٹریٹ جے یو پی میں ہونیوالے اجلاس میں کیا جس میں پیر سید مصطفی اشرف رضوی، ڈاکٹر امجد حسین چشتی، پیر غلام رسول اویسی، پیر اختر رسول قادری، صاحبزادہ عقیل حیدر شاہ، امیر سلطان چشتی، ملک پرویز اکبر ساقی، حسن منصور، شہباز احمد اور دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف ججز معزولی کیس آئین کی خلاف ورزی تو ہو سکتی ہے، آئین شکنی نہیں، اس پر سزائے موت نہیں دی جا سکتی، لگتا ہے کہ عدالت غصہ کر گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم بہادرا فواج کیساتھ ہیں، عسکری اداروں کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیں گے جبکہ ملک کسی آئینی بحران اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، اداروں کو سیاسی فیصلوں کی بجائے، حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خصوصی عدالت کے متنازع فیصلے کیخلاف اپیل کرے اور پرویز مشرف کو سنائی جانے والی سزا کو ختم کرے۔ جے یو پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ متنازع عدالتی فیصلے سے عسکری قوتوں کو غلط پیغام دیا گیا ہے، اداروں کے درمیان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی جنگ خطرناک ثابت ہوگی، جس کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے آئین 12 اکتوبر 1999ء کو توڑا مگر انہیں سزا 3 نومبر 2007 کے ججز معزولی کیس میں دینا غیر آئینی ہے، جنرل مشرف کی ملکی خدمات کے صلے میں انہیں الزامات سے بری قرار دیا جانا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 834203

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/834203/ملکی-دفاع-کیلئے-جنرل-مشرف-کی-خدمات-قابل-تعریف-ہیں-معصوم-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org