0
Sunday 22 Dec 2019 22:11

پرویز مشرف نے 40 سال ملک کی خدمت کی، ہم احسان فراموش نہیں ہیں، خالد مقبول صدیقی

پرویز مشرف نے 40 سال ملک کی خدمت کی، ہم احسان فراموش نہیں ہیں، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے 40 سال تک ملک کی خدمت کرکے ہم پر احسان کیا، وہ 1999ء میں اپنی خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے تھے، ہم اتنے احسان فراموش نہیں ہیں۔ کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنی زندگی کے چالیس سال اس ملک کو دیئے، وہ 1999ء میں اپنی خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے تھے، ہم اتنے احسان فراموش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں میڈیا کو ایک آمر نے آزاد کیا تھا، ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جہاں سچ بولنے پر غدار نہ ٹھہرایا جائے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایک عدالت نے آئین اور شریعت کے خلاف فیصلہ دیا، ایسی زبان جو اس فیصلے میں استعمال ہوئی، ایسی زبان 70 سال میں استعمال نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عدالتیں آئین اور قانون کی تشریح کرسکتی ہیں، ہم کو ڈر ہے کہ کہیں عدالتوں پر سے اعتماد ختم نہ ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عدالتوں کا احترام کرتی ہے، پاکستان قربانیوں سے معرض وجود میں آیا، ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ پاکستان کو انصاف سے ہی جوڑا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احسان فراموش نہیں ہیں، یہ بتانے آئے ہیں کہ ایسے شخص کو سزا سنائی گئی جس نے امانت کے تحفظ کی قسم کھائی تھی، ایک عدالت نے آئین اور انصاف سے ماوراء فیصلہ کیا ہے، فیصلے میں مخصوص طبقے کی توہین نظر آتی ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ 1999ء کا فیصلہ جائز اور 2007ء کا فیصلہ ناجائز ہے۔
خبر کا کوڈ : 834215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش