0
Monday 23 Dec 2019 18:59
اسلامی بینک کے قیام سے ورلڈ بینک کے ہوش ٹھکانے لگائے جا سکتے ہیں

کوالالمپور کانفرنس روشن مستقبل کی طرف ایک قدم ہے، اشرف جلالی

کوالالمپور کانفرنس روشن مستقبل کی طرف ایک قدم ہے، اشرف جلالی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی خاطر کوالالمپور کانفرنس روشن مستقبل کی طرف ایک قدم ہے، اسلام اور مسلمانوں کیخلاف تند و تیز طوفانوں کا رخ موڑنے کیلئے عالمِ اسلام کو ہومیو پیتھک نہیں فولادی اعصاب والی قیادت درکار ہے، لاس اینجلز سے لے کر دہلی تک مسلمانوں پر زمین تنگ کی جا رہی ہے، مسلم دنیا کے علیحدہ بلاک کے سوا کوئی چارہ نہیں، مہاتیر محمد اور طیب اردگان کے کندھے کے ساتھ دیگر مسلم حکمران بھی کندھا ملائیں تو ایک مضبوط، خود کفیل اور خود مختار اسلامی بلاک تشکیل پا سکتا ہے، غیر مسلم ممالک اسلامی دنیا کے قدرتی وسائل اور پیسے کے ذریعے مسلمانوں ہی پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے مفادات کی بجائے امت مسلمہ کے مفادات کی خاطر مسلم دنیا کے متحدہ بلاک کے لیے کردار ادا کرئے، امت مسلمہ کے یونائیٹڈ بینک، آرمی، میڈیا کیلئے جدوجہد ازحد ضروری ہے، اسلامی بینک کے قیام کے ذریعے ورلڈ بینک کے ہوش ٹھکانے لگائے جا سکتے ہیں، اسلامی معاشی اصولوں پر استوار ہونیوالی معیشت کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم میڈیا اور ذرائع ابلاغ امت مسلمہ کی فکری تیاری اور ذہنی ہم آہنگی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں، یونائیٹڈ مسلم آرمی کا قیام دنیا بھر کے بے سہارا مسلمانوں کیلئے تقویت کا باعث ہو سکتی ہے، کوالالمپور کانفرنس میں جن خطوط پر غور کیا گیا اس پر مسلسل آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، اس سلسلہ میں پاکستان کی عدم دلچسپی نقصان کا باعث بنی ہے، مسلم دنیا باہمی تجارت کے ذریعے غیروں پر انحصار ختم کر سکتی ہے، او آئی سی کے کردار کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور برما کے مسلمانوں کی کسمپرسی پر او آئی سی نے کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کیا۔ اب بھارتی مسلمانوں کی بھارت سے بے دخلی اور بابری مسجد کے مسئلہ پر بھی او آئی سی صرف تشویش کے ایک بیان پر ہی صبر کر لے گی۔ 
خبر کا کوڈ : 834265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش