0
Monday 23 Dec 2019 19:25

خورشید شاہ کی مشکلات کم نہ ہو سکیں

خورشید شاہ کی مشکلات کم نہ ہو سکیں
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کی رہائی کا حکم 16 جنوری تک معطل کر دیا، نیب کی جانب سے خورشید شاہ کی ضمانت کے خلاف درخواست پر سماعت بھی 16 جنوری تک ملتوی کر دی، نیب ریفرنس میں نامزد پانچ ملزمان نے عدالت عالیہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر کے جج جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل ڈبل بینچ نے آج بروز پیر نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کے نیب عدالت کے حکم کے خلاف داخل درخواست کی سماعت کی، جس میں خورشید شاہ کی جانب سے ان کے وکیل مکیش کمار کارڑا کی سربراہی میں وکلاء کا پینل اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔ عدالت عالیہ نے خورشید شاہ کے پیش نہ ہونے پر ان کے وکلاء سے استفسار کیا، تو انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو نوٹس نہیں ملا، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں باقاعدہ طور پر نوٹس ریسیو کروایا گیا تھا، جس پر خورشید شاہ کے وکیل نے کہا کہ نوٹس جیل حکام کو دینا چاہیئے تھا، کیونکہ خورشید شاہ اس وقت جیل کسٹڈی میں ہیں۔

عدالت عالیہ نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد خورشید شاہ کی رہائی کے حکم کو آئندہ سماعت تک معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا اور درخواست پر سماعت 16 جنوری 2020ء تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے خلاف داخل ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت جس نے 17 دسمبر کو خورشید شاہ کی پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض ضمانت منظور کی تھی، میں کل 24 دسمبر کو ہوگی، جبکہ نیب کی جانب سے خورشید شاہ پر داخل کئے ریفرنس میں نامزد 18 ملزمان میں سے پانچ ملزمان نثار احمد، شعیب، زوہیب، طفیل احمد نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست آج سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں جمع کرا دی ہے، تاہم ان کی درخواست پر عدالت عالیہ میں سماعت نہیں ہو سکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 834383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش