QR CodeQR Code

قائداعظم کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ملک کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے، سبطین سبزواری

24 Dec 2019 18:40

ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ جس آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو بانی پاکستان نے پایہ تکمیل تک پہنچایا، اس کی سالمیت اور بقا کیلئے ملک کے تمام طبقات کیساتھ حکمران طبقہ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمة اللہ علیہ کے افکار اور سیاسی نظریات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں، ملک کی تشکیل میں تمام اسلامی مکاتب فکر سمیت مسیحی برادری نے بھی بانی پاکستان کی اس جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا، یوم ولادت بانی پاکستان اور کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ جس آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو بانی پاکستان نے پایہ تکمیل تک پہنچایا، اس کی سالمیت اور بقا کیلئے ملک کے تمام طبقات کیساتھ حکمران طبقہ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود یہی مشاہدہ سامنے آیا ہے کہ عوامی طبقات نے تو خاطر خواہ اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں، لیکن برسراقتدار طبقہ اپنی تجوریاں بھرنے میں لگا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے غربت، افلاس، تنگدستی اور دیگر مسائل و مشکلات کو برداشت کیا اور وطن عزیز کی سلامتی و تحفظ کیلئے قربانیاں دیں جو سلسلہ تاحال جاری ہے، ملک کی موجودہ گھمبیر صورتحال کے پیش نظر حکمرانوں اور ذمہ داران کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کرسمس کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی ان اقلیتوں کو کسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیازی سلوک کا احساس نہ ہونے دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 834474

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/834474/قائداعظم-کے-افکار-پر-عمل-پیرا-ہوکر-ملک-کا-مستقبل-محفوظ-بنایا-جا-سکتا-ہے-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org