0
Tuesday 24 Dec 2019 19:05

قائد کے افکار پر عمل سے ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، خرم نواز

قائد کے افکار پر عمل سے ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، خرم نواز
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی فکر کا تسلسل ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل نہ  کرکے آج ہم مسائل اور بحرانوں کا شکار ہیں، قائداعظم نوجوانوں کو پاکستان کا حقیقی معمار سمجھتے تھے، اس وقت ہمارے ملک میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، نوجوانوں کو چاہیئے کہ قائداعظم کے ارشادات کی روشنی میں زندگی گزاریں، نوجوانوں کو اپنا وقت ملت کی تعمیر و ترقی میں صرف کرنا ہوگا، نوجوان نہ صرف اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں بلکہ ملک کو بھی اقوام عالم میں پہلی صف میں لانے کا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ نوجوانوں نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں، قائداعظم ؒ کا فرمان ہے کام، کام اور کام، جس قوم نے بھی اس فرمان پر عمل کیا اس نے ترقی کی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر چاہیں تو ستاروں پر کمند ڈال سکتے ہیں لیکن اس کے لئے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر صدق دل سے عمل کرنا ہو گا اسی میں ان کی فلاح اور کامیابی کا راز مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن شہزاد، محمد ذیشان، حاجی فرخ و دیگر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے محنت، لگن اور ایمانداری کو اپنی زندگی کا شعار بنانا ہو گا۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 143ویں یوم ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی،کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سہیل احمد رضا، عارف چودھری و دیگر مقررین نے کہا کہ قائداعظم اصول پسند سیاستدان اور مخلص لیڈر تھے، پاکستان کو آج قائداعظمؒ جیسے لیڈر کی ضرورت ہے، تقریب میں قاضی فیض الاسلام، چودھری افضل گجر، میاں زاہد جاوید، سعید اختر، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ثاقب بھٹی، طیب ضیاء، علامہ آصف اکبر میر و دیگر رہنما شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 834603
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش