0
Wednesday 25 Dec 2019 12:17

گلگت کینسر ہسپتال کی او پی ڈی مارچ تک فعال ہوگی، حفیظ الرحمٰن

گلگت کینسر ہسپتال کی او پی ڈی مارچ تک فعال ہوگی، حفیظ الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ شہریوں کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کہ ذمہ داری میں شامل ہے، اسی سوچ کے تحت ہم نے حکومت میں آتے ہی جی بی میں صحت کے شعبے پر توجہ دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد کے بڑے سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داران کے ساتھ جی بی کے مریضوں کے لئے صوبائی حکومت کے زیر اہتمام ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے تحت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پمز، الشفا انٹرنیشنل ہسپتال، ہارٹ انٹرنیشنل کے آر ایل ہسپتال، راولپنڈی کارڈیالوجی ہسپتال، اے ایف آئی سی، نوری ہسپتال و دیگر سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وفاقی جوائنٹ سیکرٹری برائے ہیلتھ سعید اللہ نیازی، ڈائریکٹر ای پی آئی گلگت بلتستان ڈاکٹر شکیل احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر وزیراعلٰی ہیلتھ انشورنس سید اشتیاق حسین شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ظہور حسین شاہ نے بھی شرکت کی۔

وزیراعلی نے کہا کہ صوبے میں ہسپتالوں میں بیڈ کی تعداد 600 سے 2600 تک پہنچا دی ہے، ڈاکٹروں کی تعداد 160 سے 550 تک ہو گئی ہے اور ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات اور علاج معالجے کے لئے جدید مشینری فراہم کی گئی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ جی بی کے کینسر، عارضہ قلب اور دیگر جان لیوا بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے مسلم لیگ نون کی حکومت میں وفاقی ہیلتھ انڈومنٹ فند کے تحت رقم مل رہی تھی، اسی طرح پنجاب ہیلتھ انڈومنٹ کے تحت جی بی کے مریضوں کے علاج کے لئے رقم مل رہی تھی، لیکن تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی یہ سہولت چھین لی گئی، جس وجہ سے جی بی کے مریضوں کے لئے مشکلات پیدا ہوئیں، ان مشکلات کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ایک ملین رقم پر مشتمل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ راولپنڈی اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں میں اس فنڈ کے تحت گلگت بلتستان کے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولیات کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ حفیظ الرحمٰن نے مزید کہا کہ اس سال مارچ تک گلگت کینسر ہسپتال میں او پی ڈی فعال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جی بی حکومت مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے جدید ترین علاج کے لئے ہسپتالوں کو برقت فنڈ فراہم کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 834726
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش