0
Wednesday 25 Dec 2019 14:16

پنجاب پولیس اور ہواوے کمپنی میں اختلافات بڑھ گئے

پنجاب پولیس اور ہواوے کمپنی میں اختلافات بڑھ گئے
اسلام ٹائمز۔ سیف سٹی اتھارٹی اور چینی کمپنی ہواوے کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ ہوواے کی جانب سے سیف سٹی اتھارٹی کے شہر میں نصب کیمروں کی دیکھ بھال میں غفلت پر آئی جی پنجاب نے ایکشن لے لیا اور ہواوے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ چینی کمپنی ہواوے کو کوئی منصوبہ نہ دیا جائے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کو خط بھجوایا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہوواے کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ وارانہ رویئے کے باعث سے آئندہ کوئی ٹھیکہ نہ دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق چینی کمپنی ہواوے کو کیمرے لگانے اور کنٹرول روم قائم کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔

آئی جی پنجاب نے خط میں لکھا ہے کہ چینی کمپنی کو 20 مئی 2019ء تک تمام کام مکمل کرنا تھا، چینی کمپنی نے 2017ء میں ٹھیکے کی مالیت بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کام سے انکار کر دیا تھا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹھیکے کی مالیت میں 14 ملین ڈالر کا اضافہ ہونے پر ہواوے نے دوبارہ کام کا آغاز کیا، مئی 2019ء میں بھی ہواوے کمپنی نے اچانک کام بند کر دیا، ہواوے کمپنی نے کام مکمل کئے بغیر ہی ٹیک اوور سرٹیفیکیٹ کا بھی مطالبہ کر دیا، ہواوے کمپنی نے ٹیک اوور سرٹیفکیٹ کیلئے چینی حکومت سے دباوَ بھی ڈلوایا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہواوے کمپنی کے رویئے کی وجہ سے منصوبے کی مالیت میں 56 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، کمپنی نے ایک بار پھر مزید سروس چارجز کی مد میں 18 ملین ڈالرز کا مطالبہ کیا ہے، ہواوے کمپنی کے ٹھیکے میں اضافہ سوچ سمجھ کر کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 834743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش