0
Wednesday 25 Dec 2019 18:39

عمران خان نے ایٹمی ہتھیاروں کی نگرانی ’’امریکی بندے‘‘ کو سونپ دی، اوریا مقبول کا دعویٰ

عمران خان نے ایٹمی ہتھیاروں کی نگرانی ’’امریکی بندے‘‘ کو سونپ دی، اوریا مقبول کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایٹمی ہتھیاروں کی نگرانی امریکہ کے خاص آدمی کو سونپ دی ہے۔ نیو ٹی وی کے پروگرام حرف راز میں میزبان محمد عثمان کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے اوریا مقبول جان نے کہا کہ وزیر اعظم نے معید یوسف کو نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر رکھ لیا ہے۔ انہیں نیشنل سکیورٹی ڈویژن اینڈ سٹریٹجک پلاننگ کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

یہ وہی ادارہ ہے جو ایٹمی ہتھیاروں کی نگرانی کرتا ہے۔ اوریا مقبول جان نے الزام عائد کیا کہ معید یوسف امریکہ کا خاص آدمی ہے۔ اس کے استدلال میں اوریا مقبول جان نے ایک واقعہ بھی بیان کیا اور بتایا کہ 4 اکتوبر 2019 کو ایک امریکی سوشل سائنسدان نے الزام لگایا تھا کہ معید یوسف پاکستانی ایجنٹ ہے اس لیے اس کو امریکہ سے نکالا جائے، لیکن امریکیوں نے اس کا دفاع کیا اور کہا کہ یہ ہمارا بندہ ہے، اور اب یہ ’ساڈا بندہ‘ پاکستان آگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے نیوکلیئر اثاثوں کا معاملہ ہے اور اس کی نگرانی پر ایک ایسا آدمی جو ساری زندگی امریکہ میں رہا ہو اور نیوکلیئر فری ماحول کی بات کرتا ہو اس کو رکھ لیا گیا ہے، عمران خان شاید کوئی راستہ بنانا چاہتے ہیں، لگتا ہے کہ پاکستان امریکی اور چینی تنازعے میں پھنستا چلا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ منگل کے روز وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ میں مقیم پاکستانی تجزیہ کار معید یوسف کو معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈویژن مقرر کیا تھا۔ معید یوسف امریکہ کے انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے ایشیا سیکشن کے نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔
خبر کا کوڈ : 834764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش