QR CodeQR Code

افغانستان، طالبان نے امن تحریک کے 27 کارکنان کو اغوا کر لیا

26 Dec 2019 10:46

صوبہ فراہ کے نائب گورنر مسعود بختاور نے کہا ہے کہ امن تحریک کے کارکنان 6 گاڑیوں میں صوبہ ہیرات سے فراہ جا رے تھے کہ منگل (24 دسمبر) کی شام کو طالبان نے ان کے قافلے کو ہائی وے پر روکا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں طالبان نے امن تحریک کے 27 کارکنان کو ہائی وے سے اغوا کر لیا۔ برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ فراہ کے نائب گورنر مسعود بختاور نے کہا ہے کہ امن تحریک کے کارکنان 6 گاڑیوں میں صوبہ ہیرات سے فراہ جا رے تھے کہ منگل (24 دسمبر) کی شام کو طالبان نے ان کے قافلے کو ہائی وے پر روکا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پیپلز پیس موومنٹ گروہ کے رکن بسم اللہ وطن دوست نے کہا کہ کارکنان نے صوبہ فراہ کے مختلف علاقوں میں جانے کا ارادہ کیا تھا تاکہ افغانستان میں جنگ کرنے والے فریقین کے درمیان جنگ بندی اور امن کا مطالبہ کیا جا سکے۔ گزشتہ برس افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں کار بم دھماکے کے بعد پرتشدد حملوں کے خلاف احتجاج کے لیے پیپلز پیس موومنٹ نامی گروہ تشکیل دیا گیا تھا۔

گزشتہ برس سے اب تک امن تحریک کے کارکنان افغانستان کے مختلف علاقوں کا سفر کر چکے ہیں، جو طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں میں جا کر امن اور طالبان اور افغان حکومت کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ طالبان ماضی میں امن تحریک کے کارکنان پر کابل حکومت کی جانب سے مالی معاونت کا الزام عائد کر چکے ہیں تاہم پیپلز پیس موومنٹ ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 834839

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/834839/افغانستان-طالبان-نے-امن-تحریک-کے-27-کارکنان-کو-اغوا-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org