0
Thursday 26 Dec 2019 18:54

پاکستانی قوم کو ایسے مقبول قومی رہنماء کی ضرورت ہے جسے ملکی وقار کا نگہبان سمجھا جاسکے، علامہ ناصر عباس جعفری

پاکستانی قوم کو ایسے مقبول قومی رہنماء کی ضرورت ہے جسے ملکی وقار کا نگہبان سمجھا جاسکے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کے لئے ریاستی اداروں اور عوام کا ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع جنوبی کے تحت پاکستان کی عالمی اہمیت اور درپیش چیلنجز کے عنوان سے کراچی کیتھولک کلب سولجر بازار میں منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ قائداعظم کے پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی ہو اور کوئی بھی ادارہ اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر دشمن قوتوں نے ہمیشہ اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات چین اور ہندوستان سمیت خطے میں موجود پڑوسی و دیگر ممالک کی معاشی و دفاعی ضرورت ہیں، ہمیں اپنی خارجہ پالیسی قومی تقاضوں اور ضروریات کو مدنظر رکھ کر مرتب کرنا ہوگی، تاکہ وطن عزیز ایک مضبوط اور توانا معیشت بن کر ابھرے۔ انہوں نے کہا کہ کوالالمپور کانفرنس کے حوالے سے پاکستان پر شدید دباؤ ڈالا گیا، امریکہ، سعودی عرب اور امارات کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کبھی بھی برادرانہ نہیں رہے بلکہ غلامانہ رہے ہیں، پاکستان کو ان کی دوستی سے ہمیشہ نقصان پہنچا ہے، ایک آزاد اور خود مختار ریاست کا اپنے داخلی و خارجی معاملات میں بیرونی ڈکٹیشن کو قبول کرنا قومی وقار کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کو کسی ایسے مقبول قومی رہنما کی ضرورت ہے، جسے ملک و قوم کے وقار کا نگہبان سمجھا جاسکے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کی تشکیل کے لئے قوم سازی اور ریاستی اداروں میں اصلاحات پر زور دینا ہوگا۔ انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد بھی پیش کی۔ سمپوزیم میں میجر قمر عباس، ظفر اقبال، کاشف حیات خان، آصف یامین، ماجد ملحہ، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر عباس زیدی، مولانا دوست علی سعیدی، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، مولانا ملک عباس، مولانا نشان حیدر، اشرف امامی، ناصر الحسینی، رضوان پنجوانی، حسن مہدی، احسن عباس سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور صحافی برادری و سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 834942
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش