0
Thursday 26 Dec 2019 21:40
گزشتہ دس سالہ حکومتوں کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے

2020ء، ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے، وزیراعظم

بھارت کے عوام جب مودی کیخلاف اٹھ کھڑے ہونگے تو ظلم کو ختم کرینگے
2020ء، ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے مافیا کے لیے 2020ء مشکل سال ہو گا۔ پنڈ دادن خان میں جلال پور کینال کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت سے ملحقہ سرحد پر کشیدگی ہے اس کی وجوہات ہیں، بھارت نے کوئی غلط حرکت کی تو ہم تیار ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وہ بھارتی کارروائی روکنے کے لئے تیار ہیں، نریندر مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کرایا، اس نے 80 لاکھ کشمیر کے لوگوں کو جیل میں ڈال رکھا ہے، اس نے کشمیر کی ساری سیاسی قیادت کو جیلوں میں بند کیا۔ نریندر مودی ہندوستان میں وہ کر رہا ہے، جو جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا۔ اب بھارت کے لوگ نریندر مودی کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے، جب بھارت کے لوگ نریندر مودی کے خلاف کھڑے ہوں گے تو ظلم کے نظام کو ختم کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے پیسہ بیرون ملک منتقل کیا اور پاکستان کاقرضہ 4 گنا بڑھایا، دونوں جماعتوں کے 10 سالہ حکومت کے ظلم کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا، ہم نے ایک سال بہت مشکل گزارا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے پہلے سال جتنا ٹیکس جمع کیا تھا، اس کا آدھا حصہ ماضی کی حکومتوں کے قرضوں کے سود میں چلا گیا، پاکستان کی برآمدات گر گئی تھیں، روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی ہوئی لیکن اب پاکستان میں باہر سے سرمایہ کاری آ رہی ہے، یہ ملک ترقی کرے گا، خوشحالی آئے گی، 2019ء مشکل وقت تھا لیکن 2020ء ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تبدیلی اوراصلاحات لانا آسان کام نہیں، جب ایک گھر مقروض ہوتا ہے تو اسے بھی بحالی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب وزیراعظم بنا تو پوری قوم سے کہا گھبرانا نہیں ہے کیونکہ جب بھی آپ تبدیلی لانا چاہتے ہیں یا اصلاحات کرنا چاہتے ہیں تو مافیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مافیا ہر جگہ ہوتا ہے، یہ ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جس ملک میں کرپشن ہوتی ہے وہاں ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، چین نے 450 وزرا کو کرپشن پر جیلوں میں ڈالا۔ کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے مافیا کے لیے 2020ء مشکل سال ہو گا۔ اپوزیشن خوفزدہ ہے کہ حکومت کامیاب ہو گئی تو وہ جیلوں میں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 834968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش