QR CodeQR Code

بینظیر بھٹو نے جمہوریت کو پروان چڑھایا، وہ جرات مند، بے خوف اور نڈر سیاسی رہنما تھیں، سہیل انور سیال

26 Dec 2019 23:40

ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ عوامی طاقت ہے جس کو منظر سے ہٹانے کے لئے ہمیشہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں، بھٹو کو پھانسی ہوئی تو بینظیر نے علم اٹھا لیا، بینظیر شہید ہوئیں تو اس علم کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے تھام لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر برائے انسداد بدعنوانی، آبپاشی اور زکواۃِ و عشر سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ شہید بےنظیر بھٹو نے جمہوریت کو پروان چڑھایا وہ جرات مند، بے خوف اور نڈر سیاسی رہنما تھیں۔ انہوں نے عوام کو سیاسی بصیرت عطا کی وہ کسی کی دھمکی کو خاطر میں نہ لائیں اور عوام کے درمیان اپنی جان کا نذرانہ پیش کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو کی 12ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ عوامی طاقت ہے جس کو منظر سے ہٹانے کے لئے ہمیشہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں، بھٹو کو پھانسی ہوئی تو  بینظیر نے علم اٹھا لیا، بینظیر شہید ہوئیں تو اس علم کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے تھام لیا۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ محترمہ کبھی کسی آمر کے سامنے جھکیں اور نہ ہی کسی  ڈکٹیٹر کے  سامنے ہار مانی، ان کا وژن عوام کی خدمت، انکا نصب العین عوام کا معیار زندگی بلند کرنا تھا، سیاست ان کے لئے عبادت کا درجہ رکھتی تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج بھی ہمارے سیاسی مخالفین ہمیں جھکانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے پاس حقیقی مینڈیٹ موجود ہے جس پر شب خون مارنے کے لئے ہمارے مخالفین کی جانب سے آئے دن پلان تیار ہوتے رہتے ہیں لیکن ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی جمہوری و انقلابی سوچ کا سفر اور جذبہ عوامی خدمت آج بھی جاری ہے اور جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 834990

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/834990/بینظیر-بھٹو-نے-جمہوریت-کو-پروان-چڑھایا-وہ-جرات-مند-بے-خوف-اور-نڈر-سیاسی-رہنما-تھیں-سہیل-انور-سیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org