0
Friday 27 Dec 2019 11:14

اردو کے عظیم شاعر مرزا غالب کی 222 ویں سالگرہ

اردو کے عظیم شاعر مرزا غالب کی 222 ویں سالگرہ
اسلام ٹائمز۔ اردو زبان کے عظیم ترین شاعر مرزا اسداللہ خاں غالب کی آج 222 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ مرزا غالب 27 دسمبر 1797ء کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ 5 سال کی عمر میں والد کی وفات کے بعد غالب کی پرورش چچا نے کی تاہم 4 سال بعد چچا کا سایہ بھی ان کے سر سے اٹھ گیا۔ مرزا غالب کی 13 سال کی عمر میں امراء بیگم سے شادی ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے آبائی شہر کو خیرباد کہہ کر دہلی میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔ غالب شروع میں فارسی میں شاعری کرتے تھے اور اُس زمانے میں ’’اسد‘‘ ان کا تخلص تھا تاہم آگرہ سے دہلی آبسنے کے بعد انہوں نے اردو میں بھی شاعری کی۔ ان کا خاص کمال یہ تھا کہ وہ زندگی کی سچائی اور انسان کی نفسیات کو گہرائی میں جا کر اور بڑی سادگی سے عام لوگوں کے لیے اپنے اشعار میں بیان کر دیتے تھے۔

مرزا غالب پر کافی فلمیں بھی بنائی گئی جیسا کہ 1954ء میں فلم ’مرزا غالب‘ بنی جس کا اہم کردار بھرت بھوشن نے ادا کیا۔ بھارتی حکومت نے قومی بہترین فلم اعزاز کا سلسلہ اسی سال سے شروع کیا اور پہلا ایوارڈ اسی فلم کو دیا گیا۔ سنہ 1988ء میں فلمی شاعر اور بھارتی ادیب و دانشور گلزار نے بھی ’مرزا غالب ‘ کے نام سے ایک ٹی وی سیریل بنایا جس میں غالب کا کردار نصیر الدین شاہ نے ادا کیا تھا۔

غالب پر آج تک بے شمار کتابیں لکھی گئیں جن میں ’دیوان ِ غالب‘، ’آپ کے خطوط‘، ’شرح دیوانِ غالب‘، ’کلیات مکتوبات ِ فارسی غالب‘ وغیرہ شامل ہیں۔ مرزا غالب اردو شاعری کا ایسا اثاثہ تھے جو ساری زندگی’ خرچ‘ کرنے پر بھی شاید ختم نہ ہو۔ غالب 15 فروری 1869ء کو دہلی میں جہانِ فانی سے کوچ کر گئے لیکن جب تک اردو زندہ ہے ان کا نام بھی قائم و دائم رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 835018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش