0
Friday 27 Dec 2019 18:57

مشکل وقت گزرنے کے بعد ملک میں معاشی استحکام آگیا، وزیراعظم کا دعویٰ

مشکل وقت گزرنے کے بعد ملک میں معاشی استحکام آگیا، وزیراعظم کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت گزرنے کے بعد ملک میں معاشی استحکام آگیا ہے، 2019ء معاشی استحکام کا سال تھا اور 2020ء ترقی کا سال ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی میں سب سے آگے لے جانا چاہتے ہیں، پاکستان جس مقصد کیلئے بنا تھا، اگر ہم اپنے تمام کام اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، تو ہمیں کامیابی حاصل ہوگی اور معاشی ترقی کے بغیر کسی بھی ملک کی کامیابی ممکن نہیں ہے، جبکہ ریاست اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لیتی ہے اور ایسے ہی ملک سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، چین نے اپنی پالیسیوں کے ذریعے ملک سے غربت ختم کی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کے دل میں نیب کا بہت زیادہ خوف تھا، لیکن آج ہم نے ایک آرڈیننس کے ذریعے نیب کو تاجروں کے معاملات سے الگ کر دیا اور ہم تاجر برادری کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  لوگ بار بار کہتے ہیں کہ پچھلوں کی بات نہ کریں بلکہ اپنی بات کریں کہ آپ نے کیا کیا، لیکن انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں سوئیڈن کی معیشت نہیں ملی تھی، ہم اپنی کارکردگی بھی دکھاتے رہیں گے اور 2023ء تک آپ لوگوں کو بھولنے نہیں دوں گا کہ ہمیں کیسا پاکستان ملا تھا، تاکہ لوگ موازنہ کرسکیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت سے گزرنے کے بعد ملک میں استحکام آگیا ہے، 2019ء معاشی استحکام کا سال تھا اور 2020ء ترقی کا سال ہوگا، ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور سیاحت کے شعبے میں بہتری لاکر نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 835103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش