QR CodeQR Code

عمر ایوب کا بیان ایک بھونڈا مذاق، ہمیں کسی شعبے میں گیس مل ہی نہیں رہی، سعید غنی

28 Dec 2019 15:35

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ جس صوبے سے گیس پیدا ہوتی ہے سب سے پہلا حق اس صوبے کی عوام کا ہے، صوبہ سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور جب سندھ کے لوگوں کو گیس نہیں ملے گی تو ہم سوال اٹھائیں گے اور یہ بات عمر ایوب کو بری لگتی ہے تو لگے لیکن یہ آئین میں موجود ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے گیس بحران پر وفاقی حکومت کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گیس کی قلت کی وجہ صوبائی حکومت نہیں، سوئی سدرن گیس اور سوئی نادرن گیس وفاقی حکومت کے ادارے ہیں اور گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ جس صوبے سے گیس پیدا ہوتی ہے سب سے پہلا حق اس صوبے کی عوام کا ہے، صوبہ سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور جب سندھ کے لوگوں کو گیس نہیں ملے گی تو ہم سوال اٹھائیں گے اور یہ بات عمر ایوب کو بری لگتی ہے تو لگے لیکن یہ آئین میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی عمر ایوب کا بیان ایک بھونڈا مذاق ہے، ہمیں کسی شعبے میں گیس مل ہی نہیں رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت جس منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ ہم نے انہیں گیس کی لائن ڈالنے کی اجازت نہیں دی، اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی حکومت نے سندھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا ہے اور حال ہی میں انہوں نے پھر بجلی مہنگی کی ہے، گیس 200 فیصد پہلے ہی مہنگی کرچکے ہیں۔ نیب آرڈیننس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قانون میں ترامیم عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو چاہیئے تھا کہ نیب کے ان قوانین کو تبدیل کرتی جس سے عوام کو تکالیف ہیں تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 835240

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/835240/عمر-ایوب-کا-بیان-ایک-بھونڈا-مذاق-ہمیں-کسی-شعبے-میں-گیس-مل-ہی-نہیں-رہی-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org