QR CodeQR Code

وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد

28 Dec 2019 17:37

وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہایت قلیل عرصے میں قبائلی اضلاع کے عوام کو نہ صرف مفت صحت سہولیات فراہم کی ہیں بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے موقع فراہم کرنے کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو کراچی سے لیکر خیبر تک تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوامی سوچ کی عکاس ہے اور یہی وجہ ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا کے عوام نے دوتہائی اکثریت سے تحریک انصاف کو اپنا سیاسی نمائندہ منتخب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلٰی ہاؤس پشاور کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ملاکنڈ ڈویژن سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ وزیراعلٰی نے حاضرین کے مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کیلئے احکامات بھی جاری کئے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ پورے صوبے اور بالخصوص ملاکنڈ ریجین میں سیاحت کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے بلکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اداروں کو مضبوط اور فعال بنانے کیلئے دیرپا اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن کے نتائج عوام کے سامنے ہیں اور عوام ان اصلاحات سے براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلٰی نے مختلف اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو مفت صحت سہولیات کی فراہمی، دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صحت سہولیات کے مراکز کی فعالی، سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا خاتمہ، پرائمری سکولوں میں کلاس رومز کی تعمیر، ماحولیاتی بہتری کیلئے شجرکاری، صوبے بھر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن اور دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وزیراعلٰی نے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد صوبائی حکومت کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور اب موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہایت قلیل عرصے میں قبائلی اضلاع کے عوام کو نہ صرف مفت صحت سہولیات فراہم کی ہیں بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے موقع فراہم کرنے کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور اُن مسائل کے حل کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک کو درپیش مسائل پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا اور ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 835259

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/835259/وزیراعل-ی-ہاؤس-پشاور-میں-کھلی-کچہری-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org