0
Saturday 28 Dec 2019 21:49

ترک کمپنی کی جدید الیکٹریکل گاڑی متعارف، رجب طیب اردوغان پہلے خریدار

ترک کمپنی کی جدید الیکٹریکل گاڑی متعارف، رجب طیب اردوغان پہلے خریدار
اسلام ٹائمز۔ ترکی کی کمپنی نے الیکٹرک کار متعارف کرا دی، جو ایک بار چارج کرنے کے بعد 500 کلومیٹر تک چل سکتی ہے، ترک صدر رجب طیب اردوغان نے پہلی گاڑی خرید کر چلائی، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق استنبول کے شہر "وادی ترقی" میں 200 اور 400 ہارس پاور کے دو انجنوں پر مشتمل الیکٹرک کار متعارف کرائی گئی، جسے مقامی جوائنٹ وینچر کمپنی "ٹوگ" نے تیار کیا۔ افتتاحی تقریب میں ترک صدر رجب طیب اردوغان نے بھی شرکت کی اور انہوں نے ہی بطور گاہک پہلی گاڑی کا آرڈر دیا، کمپنی نے انہیں گاڑی دی تو ترک صدر نے اسے خود بھی چلا کر دیکھا۔ رپورٹ کے مطابق ترکی میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑی میں لیتھیم بیٹری نصب کی گئی، جو تیس منٹ میں مکمل چارج ہوکر 500 کلومیٹر کی مسافت طے کرتی ہے۔

کمپنی کے سربراہ سربراہ رفعت حصارجک اولو نے بتایا کہ مستقبل میں اس منصوبے پر 3.7 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی جائے گی، عام عوام کے لیے گاڑی 2022ء میں متعارف کرائی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوغان نے کہا کہ ہم ہوائی جہاز، جیٹ اور ہیلی کاپٹر تیار کرتے ہیں اور پوری دنیا ہم سے یہ خریدتی بھی ہے، اب تو ہم اپنی الیکٹرک کار بھی متعارف کراچکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے جذباتی انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ استاد نجم الدین اربکان کا خواب پورا ہوگیا۔ یاد رہے کہ آٹو انڈسٹری کی مارکیٹوں میں یورپ کے بعد ترکی کو بھی اہمیت حاصل ہے۔ بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق ترکی میں رواں سال کے گیارہ ماہ میں 3 لاکھ سے زائد نئی گاڑیاں فروخت ہوئیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکی کا 60 سالہ خواب سچ ثابت ہوگیا ہے۔ پہلی الیکٹرک سمارٹ کار تیار کر لی ہے، اس کار کا نام ٹاگ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی طور پر پہلی الیکٹرک سمارٹ کار TOGG کی رونمائی کی تقریب میں صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔ یہ ملکی آٹوموبائل 2022ء میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہوگی۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کوجہ ایلی کے علاوہ گبزے میں منعقد ہوئی۔ صدر رجب طیب اردوغان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک تاریخی دن ہے، ہم نے گذشتہ 60 سالوں سے دیکھے گئے خواب کو پورا کرنے کیلئے دن رات محنت کی ہے اور آج اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے 100 سے زیادہ ترک انجینئر دن رات کام کر رہے ہیں۔ ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کے ڈیزائنرز اور انجینئروں کی کوششوں سے مقامی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے 100 فیصد مقامی سطح پر ہی اسے تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے کار کی ٹیکنالوجی میں دنیا میں نیا وژن متعارف کروایا ہے اور اب وہ اس الیکٹرک سمارٹ کار کو دنیا سے متعارف کروانے کے لیے تیار ہے۔ صدر رجب طیب اردوغان کا کہنا تھا کہ مقامی آٹوموبائل فیکٹری برصا کے علاقے میں قائم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی ماحول کو بھی آلودہ نہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہماری گاڑی صفر کے اخراج کے ساتھ کام کرکے ماحول کو کبھی بھی آلودہ نہیں کرے گی۔ یہ الیکٹرک سمارٹ کار 2022ء میں ترکی میں پوری چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی تیار کرلے گی۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس گاڑی کو عالمی برانڈ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اسے بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے بعد یورپ میں فروخت کریں گے اور یہ یورپ میں اپنی طرز کی واحد کلاسیکی گاڑیوں سے ہٹ کر ایس یو وی ماڈل کی مالک گاڑی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 835331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش