0
Sunday 29 Dec 2019 08:52

طاہر اشرفی نے چین میں اویغور مسلمانوں تک رسائی مانگ لی

طاہر اشرفی نے چین میں اویغور مسلمانوں تک رسائی مانگ لی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ چین کے اویغور مسلمانوں کے حوالے سے جو تشویشناک خبریں آ رہی ہیں اس پر  چینی حکومت سے گزارش ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم، رابطہ عالم اسلامی اور پاکستان کے علماء و مشائخ کے وفد کو اویغور مسلمانوں تک رسائی دی جائے تاکہ جو غلط فہمیاں یا مسائل چین کی حکومت اور مسلمانوں کے درمیان ہیں اِن کو ختم کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ اور پاکستانی عوام چین کے عظیم ترین دوست ہیں اور پاکستان  چین کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے، جبکہ ہم بھی کسی صورت بھی چین کو غیر مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، اِس لئے ضرورت اِس بات کی ہے کہ چین کے اویغور مسلمانوں اور حکومت کے درمیان مفاہمانہ کردار ادا کیا جائے۔
 
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس معاملہ میں چین کی حکومت فوری اقدامات اٹھائے گی۔ یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے مغربی  میڈیا میں اس معاملے کو پروپیگیٹ کیا جا رہا ہے کہ چین اویغور مسلمانوں کو جیلوں میں قید رکھ کر تشدد  کا نشانہ بنا رہا ہے اور انہیں زبردستی تبدیلی مذہب کیلئے آمادہ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ چین نے ہمیشہ ان خبروں کو امریکہ کا منفی پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔ چند روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کی توجہ اویغور مسلمانوں کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا تھا کہ چین میں اویغور مسلمانوں کی حالت زار کے بارے جان کر رہا نہیں جا رہا۔
 
شاہد آفریدی نے لکھا وزیرِ اعظم عمران خان سے التجا ہے کہ آپ اُمہ کو متحد کرنے کی بات کرتے ہیں تو اس بارے میں بھی تھوڑا سوچیں اور چینی حکومت سے التجا ہے کہ خدارا اپنے ملک میں مسلمانوں کیساتھ امتیازی سلوک روکیں۔ شاہد آفریدی کے اس ٹویٹ کے بعد چینی سفیر نے ٹویٹ کیا تھا اور کہا تھا کہ شاہد آفریدی آپ بھی مغربی پروپیگنڈے کا شکار ہو گئے ہیں، حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شاہد آفریدی نے کچھ ہی دیر میں یہ ٹویٹ اپنے اکاؤنٹ سے  ڈیلیٹ کر دیا تھا تاہم اُس وقت تک قوی ہیرو کا یہ ٹویٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 835351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش