0
Sunday 29 Dec 2019 09:35

صومالیہ میں کار بم دھماکا، 76 افراد ہلاک

صومالیہ میں کار بم دھماکا، 76 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے مصروف علاقے میں ایک کار بم دھماکے سے 76 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دھماکا شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر ہوا جہاں سکیورٹی چیک پوائنٹ اور ٹیکس آفس کی وجہ سے ٹریفک کا رش موجود تھا۔ دھماکے کی وجہ سے کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ زخمیوں کو جائے وقوع سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ موغادیشو میں القاعدہ کی اتحادی تنظیم الشباب کے جنگجوؤں کی جانب سے اکثر کار بم دھماکے کیے جاتے رہے ہیں۔

نجی ایمبولینس سروس امین کے ڈائریکٹر عبدالقدیر عبدالرحمٰن حاجی نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے 76 افراد کے ہلاک ہونے اور 70 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ پولیس افسر ابراہیم محمد نے دھماکے کو تباہ کن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہلاک افراد میں 2 ترک شہری بھی شامل ہیں تاہم ہمیں اس کی ابھی اطلاع نہیں کہ وہ راہ گیر تھے یا اس علاقے میں قیام پذیر تھے‘۔

موغادیشو کے میئر عمر محمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد ابھی تک معلوم نہیں کی جاسکی ہے تاہم 90 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے تصدیق بعد میں کریں گے تاہم یہ کم نہیں ہوگی، ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد یونیورسٹی کے طالب علم اور دیگر شہری تھے‘۔ عینی شاہد محب احمد کا کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی خوفناک سانحہ ہے کیونکہ جب یہ دھماکا ہوا تو اس وقت اس علاقے سے گزرنے والے زیادہ تر افراد میں طالب علم بھی شامل تھے‘۔ ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ’دھماکے کے بعد ہر طرف لاشیں ہی لاشیں تھیں جن میں سے چند جھلس کر شناخت کے قابل بھی نہیں تھیں‘۔
خبر کا کوڈ : 835369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش