0
Sunday 29 Dec 2019 22:45

بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں، ہر چیز منجمد، درخت پھٹنے لگے

بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں، ہر چیز منجمد، درخت پھٹنے لگے
اسلام ٹائمز۔ بلتستان میں سردی کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سکردو میں درجہ حرارت منفی 21 اور بالائی علاقوں میں منفی 25 ریکارڈ کیا گیا۔ گانچھے کے شہر خپلو میں پارہ منفی 24 اور بالائی علاقوں میں منفی 28 تک گر گیا جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی کڑاکے کی سردی ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند اتوار کو بھی چھائی رہی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا۔ ٹھنڈ کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ادھر بلتستان ڈویژن شدید سردی کی لپیٹ میں آگیا۔ سکردو میں شدید سردی کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 تک گر گیا۔

سکردو میں پانی کی پائپ لائنوں کے بعد گاڑیوں کے آئل بھی جمنے لگے، یہاں تک کہ سردی کی شدت سے درخت بھی پھٹنے لگے ہیں۔ علاقے میں اس قدر شدید سردی اس سے پہلے 1994 میں پڑی تھی۔ شدید ٹھنڈ کے باعث دریائے شیوک منجمد ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ندی نالے بھی جم گئے ہیں۔ بالائی علاقوں میں پائپ لائنوں میں پانی جمنے سے مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جب کہ شغرتھنگ اور گلتری میں دواﺅں اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔ ان علاقوں کا زمینی رابطہ بھی بحال نہیں ہو سکا ہے۔ دوسری جانب ملک کے دیگر علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور میدان علاقوں میں دھند کا راج ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے۔ پنجاب اور سندھ میں دھند اندھا دھند چھائی ہوئی ہے، موٹر ویز اور نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ انتہائی کم رہی، ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔

اٹک، کندیاں، چشمہ، پپلاں اور صادق آباد میں بھی دھند کے باعث لوگ پریشانی سے دوچار رہے۔ سندھ کے بعض علاقے بھی دھند میں گم ہیں۔ ٹرینوں کا شیڈول بھی دھند کے باعث بری طرح متاثر ہے۔ کراچی سے آنے والی قراقرم ایکسپریس 7 گھنٹے 55 منٹ تاخیر سے لاہور پہنچی، کراچی ایکسپریس 4 گھنٹے 50 منٹ، ملت ایکسپریس 12 گھنٹے 40 منٹ، پاک بزنس 10 گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس 8 گھنٹے 50 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، استور منفی 12، گلگت منفی 08، کالام منفی 05 اور قلات میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد 2، لاہور 6، کراچی 9، فیصل آباد 3 اور ملتان میں 6 ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3، زیارت اور قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو ہدایت جاری کی ہے کہ اس شدید سردی میں کوئی بھی شخص شیلٹر کے بغیر نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں بتایا کہ سردی کی شدت کے پیش نظر میں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو ہدایات دی ہیں کہ اس شدید موسم میں کوئی بھی شخص جائے پناہ سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں پہلے سے موجود پناہ گاہوں میں جگہ نہ پا سکنے والے افراد کیلئے خوراک اور عارضی پناہ گاہوں کا فوری بندوبست یقینی بنائیں۔ ادھر سپیکر جی بی اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلتستان کو آفت زدہ قرار دے کر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔
خبر کا کوڈ : 835485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش