0
Monday 30 Dec 2019 15:37

ملک کی بقاء کیلئے سندھ کا اہم کردار ہے، صوبہ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مراد علی شاہ

ملک کی بقاء کیلئے سندھ کا اہم کردار ہے، صوبہ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مراد علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء کے لئے سندھ کا اہم کردار ہے، صوبہ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے لئے گزشتہ مالی سال میں بہت سارے میگا پروجیکٹس شروع کئے، کراچی میگا پروجیکٹس کا مقصد ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو عوام کے لئے آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پچھلے کچھ سالوں میں شہر میں میگا پراجیکٹس کی فہرست مکمل کرلی ہے، جس میں شاہرا فیصل کی وسعت اور بہتری، فوارہ چوک تا چڑیا گھر تک سڑک، کینٹ ریلوے اسٹیشن کی خوبصورتی اور آس پاس کے علاقوں کی بہتری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منزل پمپ فلائی اوور (این 5 پر)، حسان چوک سے صفورا گوٹھ تا یونیورسٹی روڈ، حب ندی روڈ، مدینۃ الحکمت روڈ، ڈرائیو روڈ انڈرپاس کو بھی تعمیر کیا گیا، طارق روڈ انڈرپاس جو 589.9 ملین روپے کی لاگت سے 9 ماہ سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بیگم رانا لیاقت علی فلائی اوور جو 668.2 ملین روپے کی لاگت سے 7 ماہ میں مکمل کیا گیا، ٹیپو سلطان روڈ کی تعمیر نو 308.6 ملین روپے کی لاگت سے 5 ماہ میں مکمل کی گئی جبکہ سن سیٹ فلائی اوور 460.4 ملین روپے کی لاگت سے 5 ماہ میں مکمل کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سید صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ 693.5 ملین روپے کی لاگت سے 15 ماہ میں مکمل کیا گیا، کورنگی میں 12000 روڈ 1002.0 ملین روپے کی لاگت سے 9 ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کی بہتر کرنے کے لئے بھی منصوبوں کو شروع کیا ہے اور پی آئی پی آر آئی فلٹر پلانٹ کو اپ گریڈ کرنا اور اورنگی/بلدیہ میں پانی کی فراہمی کی لائنیں بچھائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ سندھ حکومت ان کے بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال کیلئے کے ایم سی کو بڑے پیمانے پر فنڈز فراہم کررہی ہے جبکہ کورنگی میں 8000 روڈ (شاہراہ دارالعلوم)، کورنگی ڈھائی نمبر پر فلائی اوور کی تعمیر، کورنگی نمبر 5 پر تعمیراتی فلائی اوور، شہیدِ ملت حیدر علی جنکشن انڈر پاس کی تعمیر، لی مارکیٹ لیاری اور صدر ٹاون کے آس پاس سڑکوں کی تعمیر، اورنگی نالہ میں پل کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور یہ اسی مالی سال میں مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو کراچی کو مسابقتی اور لائق شہر بنانے کے لئے بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پی پی پی موڈ کے تحت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 835595
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش