0
Monday 30 Dec 2019 15:45

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں صفائی کے عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں صفائی کے عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈیر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں صفائی کے عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، یہ ادارہ لاکھوں ایسے مستحقین کو مدد فراہم کر رہا ہے جن کے لئے امداد کے بغیر زندگی گزارنا ناممکن ہے، تاہم سیاسی مداخلت کی وجہ سے لاکھوں ایسے افراد بھی امداد وصول کررہے تھے جو اسکے اہل نہیں تھے، جنہیں اس پروگرام میں رکھنا غریب عوام پر ظلم تھا۔ جاری بیان میں بریگیڈیر (ر) محمد اسلم خان نے کہا کہ جن آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد کو پروگرام سے نکالا جا رہا ہے ان میں سرکاری ملازم، گاڑی مالکان، ایک یا ایک سے زیادہ غیر ملکی سفر کرنے والے، بارہ ایکڑ سے زیادہ زمین کے مالک شامل ہیں جنہیں امداد دینا غلط تھا، ان لوگوں نے امداد کے نام پر بھاری رقم وصول کی ہے جو غریب عوام کی حق تلفی ہے، انہیں غریبوں کی فہرست سے نکالنے سے سالانہ سولہ ارب روپے کی بچت ہوگی جو ضرورتمند افراد پر خرچ کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت اس پروگرام میں آپریشن کلین اپ پر سب سے زیادہ واویلا کر رہی ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ عوام کے پیسے کے زیاں اور غریبوں کی حق تلفی میں وہی پارٹی سب سے زیادہ ملوث ہے، ملک کے اس سب سے بڑے سوشل سیفٹی پروگرام کے تحت اب تک سات سو ارب روپے غریبوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں، یہ وہ منصوبہ ہے جس کی تعریف متعدد غیر ملکی اداروں نے بھی کی ہے جبکہ حکومت کے حالیہ اقدامات سے یہ مزید فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ادارے کو حقیقی معنوں میں خدمت کا فرض سرانجام دینے کے قابل بنانے کے لئے اس میں سیاسی مداخلت کا امکان ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 835597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش