QR CodeQR Code

بپن راوت کی بطور چیف آف ڈیفنس اسٹاف تقرری پر کانگریس سیخ پا

31 Dec 2019 09:50

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے شہریت کے متنازع قانون پر مودی حکومت کے فیصلے کی حمایت کی تھی، بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اسی لیے بپن راوت کو اس عہدے سے نوازا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی بطور چیف آف ڈیفنس اسٹاف تقرری پر وزیراعظم نریندر مودی تنقید کی زد میں آگئے، مختلف حلقوں سے سنگین نتائج کی پیش گوئیاں کی جانے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے بھی مودی حکومت کے آرمی چیف سے متعلق اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کا یہ اقدام انتہائی غلط ہے، وقت اس فیصلے کے اثرات ظاہر کرے گا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے شہریت کے متنازع قانون پر مودی حکومت کے فیصلے کی حمایت کی تھی، بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اسی لیے بپن راوت کو اس عہدے سے نوازا گیا۔ ردعمل میں کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے آرمی چیف کے بیان کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ آرمی کے سربراہ ہیں، آپ کو اپنے کام سے مطلب رکھنا چاہیئے، مسلح افواج کا یہ کام نہیں کہ وہ سیاسی معاملات میں مداخلت کرے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں سیاست نہ سمجھائیں، جس طرح ہمارا کام نہیں کہ ہم آپ کو بتائیں کہ جنگ کیسے لڑنی ہے۔ متنازع قانون پر اپنے متنازع بیان کی وجہ سے بھارتی آرمی چیف کو گذشتہ دنوں متعدد سیاسی جماعتوں کی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔ کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ان کے بیان کو سیاسی امور میں فوج کی مداخلت سے تعبیر کیا تھا۔ خیال رہے کہ مودی سرکار نے بھارتی آرمی چیف بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف بنانے کے لیے سروس رول میں تبدیلی کر دی، بپن راوت بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ہوں گے، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 835740

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/835740/بپن-راوت-کی-بطور-چیف-ا-ف-ڈیفنس-اسٹاف-تقرری-پر-کانگریس-سیخ-پا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org