QR CodeQR Code

ایم کیو ایم بلاول بھٹو کی سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش قبول نہیں کرے گی، تحریک انصاف

31 Dec 2019 15:36

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ اس طرح کی پہلے بھی کئی پیشکشیں کی جا چکی ہیں، یہ تجربہ اچھا نہیں رہا، کراچی اور اندرون سندھ کی ترقی کیلئے نیا پیکج ہم دیں گے، سندھ حکومت فیل ہوچکی ہے، حکومت گرانے کا خواب باپ بیٹے کو دن رات پریشان کئے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے بلاول بھٹوکی طرف سے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت کے ردعمل میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان بلاول بھٹو کی سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش قبول نہیں کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ایم کیو ایم  بلاول بھٹو کی سندھ حکومت میں شراکت کی دعوت قبول نہیں کرے گی، اس طرح کی پہلے بھی کئی پیشکشیں کی جا چکی ہیں، یہ تجربہ اچھا نہیں رہا، کراچی اور اندرون سندھ کی ترقی کیلئے نیا پیکج ہم دیں گے، سندھ حکومت فیل ہوچکی ہے۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ بے بی زرداری کی سیاست والد کی کرپشن کی اسیر ہے، حادثاتی چیئرمین کا المیہ یہ ہے کہ جب بھی ٹی وی پر نمودار ہوں گے کرپشن کا دفاع کریں گے۔

مراد سعید نے کہا کہ قومی خزانے کی چوری سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے جیالوں میں پیسے بانٹنے تک بے بی زرداری کرپشن کی ہر واردات کا دفاع کرتے ہیں، بے بی زرداری کے والد نے کرپشن کے ایسے ایسے شرمناک طریقے ایجاد کئے کہ دنیا حیران ہے، قوم نے اپنا پیٹ کاٹ کر محروم اور نادار طبقے کیلئے انکم سپورٹ پروگرام کی حمایت کی۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ بلاول کے والد نے انکل نواز کیساتھ مل کر انکم سپورٹ کے فنڈ کو جیالے اور متوالے پالنے کیلئے استعمال کیا، حکومت گرانے کا خواب باپ بیٹے کو دن رات پریشان کئے ہوئے ہیں، ڈیڑھ سال اسی پریشانی میں گزرا، آئندہ ساڑھے تین برس بھی اسی کرب میں گزریں گے، پوری حکومت کو پیپلز پارٹی کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کریں گے۔

 


خبر کا کوڈ: 835773

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/835773/ایم-کیو-بلاول-بھٹو-کی-سندھ-حکومت-میں-شمولیت-پیشکش-قبول-نہیں-کرے-گی-تحریک-انصاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org