QR CodeQR Code

ہمیں وزارتوں کی پیشکش کے بجائے بلاول بھٹو مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں، ایم کیو ایم

31 Dec 2019 16:13

ایک بیان میں متحدہ ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم وزارتوں کے بجائے عوامی حقوق کی سیاست کررہی ہے، بلاول اپنی جماعت کے 12 سالہ دورِ حکومت میں سندھ اور بالخصوص کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کو اپنے ایجنڈے میں شامل کریں، پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے قانون میں ترمیمی بل لائے تو متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا ہے وزارتوں کے لئے نہیں، وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں لیکن حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کریں گے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم وزارتوں کے بجائے عوامی حقوق کی سیاست کررہی ہے، بلاول اپنی جماعت کے 12 سالہ دورِ حکومت میں سندھ اور بالخصوص کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کو اپنے ایجنڈے میں شامل کریں، ایم کیو ایم کو وزارتوں کی پیشکش کرنے کے بجائے بلاول بھٹو مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں، پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے قانون میں ترمیمی بل لائے تو متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔

ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی واٹربورڈ، کے ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام شہری اداروں کو مقامی حکومت کے ماتحت کرے، سالانہ ساڑھے تین سو ارب روپے صوبائی حکومت کو دینے کے باوجود کراچی کی تقدیر نہیں بدلی، جتنے بھی ترقیاتی منصوبے وفاق یا سندھ حکومت نے شروع کئے ہیں وہ کراچی کے لئے ناکافی ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو زیادتیوں پر آواز بلند کر رہی ہے، ایم کیو ایم کی سیاست وزارتوں کے لئے نہیں بلکہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہے۔


خبر کا کوڈ: 835779

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/835779/ہمیں-وزارتوں-کی-پیشکش-کے-بجائے-بلاول-بھٹو-مقامی-حکومتوں-نظام-کو-بااختیار-بنائیں-ایم-کیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org