0
Wednesday 1 Jan 2020 10:19

لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے حلف اٹھا لیا

لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس، جسٹس مامون الرشید شیخ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا۔ جسٹس مامون رشید شیخ صرف 10 ہفتوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہونگے۔ جسٹس مامون رشید شیخ نے اپنے پیش رو جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان کی 31 دسمبر 2019ء کو سبکدوشی کے بعد آج عہدے کا حلف لیا اور وہ 18 مارچ 2020ء کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ تقریب سے قبل نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جسٹس مامون رشيد لاہور ہائیکورٹ کے 49ويں چیف جسٹس ہیں۔ حلف برداری کی سادہ اور پروقار تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریبِ میں وزیرِاعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت سمیت دیگر اعلٰی حکومتی شخصیات، ججز صاحبان اور سینیر وکلاء نے شرکت کی۔

وزیرِاعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جسٹس مامون الرشید شیخ کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پہنچے تو عدالتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔ ہائیکورٹ کی سکیورٹی پر مامور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس مامون رشید شیخ 19 مارچ 1958ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن اور پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے وکالت کی ڈگری حاصل کی۔ بطور وکیل سول کمرشل، کارپوریٹ اور آئینی مقدمات کی پریکٹس کی۔ جسٹس مامون رشید شیخ جج بننے سے قبل سرکاری اداروں کے قانونی مشیر بھی رہے ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 19 فروری 2010ء کو بطور ایڈیشنل جج لاہور ہائیکورٹ حلف لیا اور 2 سال بعد لاہور ہائیکورٹ کے مستقل جج بن گئے۔ جسٹس مامون رشید شیخ نے آئینی، فوجداری، کمرشل، سول اور کارپوریٹ مقدمات سمیت مختلف اہم نوعیت کے مقدمات سنے۔ فاضل جسٹس نے 2013ء اور 2018ء کے عام انتخابات کے سلسلہ میں بطور ٹریبونل فرائض بھی سرانجام دئیے۔
خبر کا کوڈ : 835873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش