0
Wednesday 1 Jan 2020 20:25

ایم کیو ایم کا وفاقی وزیر اسد عمر کو دو ٹوک جواب، اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی

ایم کیو ایم کا وفاقی وزیر اسد عمر کو دو ٹوک جواب، اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی
اسلام ٹائمز۔ کراچی بحالی کمیٹی کے اجلاس سے ایم کیو ایم کے اراکین میں مایوسی پھیلی ہے۔ ذرائع کے مطابق دوران اجلاس ایم کیو ایم کی جانب سے سوالات کی بوچھاڑ کی گئی تو وفاقی وزیر اسد عمر سوالات کے جوابات نہ دے سکے۔ ذرائع کے مطابق کراچی بحالی کمیٹی کے اجلاس میں جب سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی پر بریفنگ دی گئی تو ایم کیو ایم کے اراکین مایوس دکھائی دیئے۔ اجلاس کے حوالے سے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ دوران اجلاس ایم کیو ایم کے ایک رکن نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر صاحب! آپ نے آج کی بریفنگ میں نہ تو کوئی نئی بات بتائی اور نہ ہی کسی بڑے منصوبے کی تکمیل کی تاریخ دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسی دوران ایم کیو ایم کے رکن نے استفسار کیا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ 162 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی رقم کہاں ہے؟ اور وہ کیوں نہیں دی جارہی ہے؟ ذرائع کے مطابق اس سے قبل کہ وفاقی وزیر اسد عمر جواب دیتے رکن ایم کیو ایم نے پوچھا میئر کراچی کے لئے ایک ارب روپے اور حیدرآباد کے لئے پچاس کروڑ کا اعلان کیا گیا تھا تو بتایا جائے کہ وہ رقم کب؟ اور کیسے منتقل ہوگی؟ ذرائع نے بتایا کہ سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ تمام وعدے جلد پورے کئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کے جواب پر ایم کیو ایم کے ایک رکن نے کہا کہ ڈیڑھ سال کا عرصہ گذر گیا، اب تک تو کچھ نہیں دیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے اس پر جواباً کہا کہ ملک کے معاشی حالات خراب تھے، اب بہتر ہورہے ہیں جلد رقم جاری کی جائے گی۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ایم کیو ایم کے رکن نے اس پر وفاقی وزیر اسد عمر کو دو ٹوک انداز میں کہا کہ برائے مہربانی! اجلاس کم کام زیادہ کرکے دکھائیں۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے اجلاس میں مؤقف اپنایا گیا کہ سندھ  حکومت کے ساتھ آپ مل بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں جب کہ کئی مسائل اس کی مدد کے بغیر حل نہیں ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے میں خود بات کروں گا۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ آئندہ حکومت سندھ سے بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 835936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش