QR CodeQR Code

پیپرا نے پشاور بی آر ٹی کی تحقیقات کیلئے ماہر فراہم کرنے سے معذرت کرلی

2 Jan 2020 13:31

ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلویشن پیپرا انجینئیر نے کہا کہ پیپرا آرڈینینس میں ترمیم اور رولز کو تبدیل کرنے میں مصروف ہیں، ایف آئی اے کا خط موصول ہوا ہے، انہیں آگاہ کردیا ہے کہ ادارے کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے، بی آر ٹی انکوائری میں تعاون سے انکار نہیں کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نے پشاور بی آر ٹی کی تحقیقات کیلئے ماہر فراہم کرنے سے معذرت کرلی۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے بی آر ٹی ٹھیکے کو رولز کے مطابق دینے کی جانچ پڑتال کیلئے پیپرا سے ماہر مانگا تھا، تاہم پیپرا نے ماہر کی خدمات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ پیپرا کے پاس اسٹرکچرل انجینئرنگ کا ایک ماہر ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکے کی شفافیت کی جانچ پڑتال کسی اور ادارے سے کروائی جائے گی جس کیلئے وفاقی تحقیقات ادارے کو بھی ایک ادارے کی تلاش ہے۔ ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلویشن پیپرا انجینئیر محمد زبیر نے نجی ٹیوی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپرا آرڈینینس میں ترمیم اور رولز کو تبدیل کرنے میں مصروف ہیں، ایف آئی اے کا خط موصول ہوا ہے، انہیں آگاہ کردیا ہے کہ ادارے کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔

انجینئیر محمد زبیر نے کہا کہ بی آر ٹی انکوائری میں تعاون سے انکار نہیں کیا، ایف آئی اے کو کہا ہے کہ ریکارڈ فراہم کریں، ریگولیٹری پوزیشن 3 دن میں دے دیں گے۔ واضح رہے کہ 5 دسمبر 2019ء کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آر ٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں ایف آئی اے کو 45 روز کے اندر انکوائری مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا۔ ایف آئی کی تحقیقاتی ٹیم نے گذشتہ دنوں سابق ڈائریکٹر پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت مختلف افسران سے پوچھ گچھ بھی کی ہے اور بی آر ٹی کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 836050

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/836050/پیپرا-نے-پشاور-بی-ا-ر-ٹی-کی-تحقیقات-کیلئے-ماہر-فراہم-کرنے-سے-معذرت-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org