0
Thursday 2 Jan 2020 18:42

بادشاہی مسجد کے تقدس کو پامال نہ ہونے دیا جائے، اشرف جلالی

بادشاہی مسجد کے تقدس کو پامال نہ ہونے دیا جائے، اشرف جلالی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص)کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ بادشاہی مسجد پر عریانی و فحاشی کی یلغار سے دینی حلقوں میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے، اللہ کے گھر کو فلمی شوٹنگ کیلئے استعمال کرنا بہت خطرناک ہے، مساجد میں حصول برکت کیلئے نکاح پڑھایا جاتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ عقدِ نکاح ایک مسنون عمل ہے اور مسجد اس کے لیے بہترین جگہ ہے، وزارتِ اوقاف نکاح کی آڑ میں بادشاہی مسجد کو معاذ اللہ تھیٹر بننے سے بچائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایک دن میں پچیس پچیس نکاح کی تقریبات کے فوٹو شوز، شادی شدہ جوڑوں کے مختلف پوز، معمولاتِ شوبز اور بے پردہ اور حیاء باختہ عورتوں کی بھرمار پر تاریخی مسجد کے منبر و محراب اور در و دیوار آنسو بہاتے نظر آ رہے ہیں، چاہیے تو یہ تھا کہ مسجد کا رنگ سینما گھروں، فلمی تھیٹروں اور عریانی و فحاشی کے اڈوں پر غالب آتا، مگر کس حد تک معاشرے میں بدی زور پکڑتی جا رہی ہے کہ مسجد کے اندر کے ماحول پر مسجد سے باہر کا ماحول اس قدر غالب آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیوٹی بنیادی طور پر بادشاہی مسجد کے امام و خطیب کی تھی کہ وہ سختی سے مسجد کے تقدس پر پہرا دیتے اور کوئی غیر شرعی کارروائی مسجد کے احاطہ میں نہ ہونے دیتے، مگر بادشاہی مسجد کے امام و خطیب تو نکاح کے نام پر پھیلنے والی بے حیائی اور عریانی و فحاشی کا خود حصہ بن چکے ہیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کا حکام بالا سے مطالبہ ہے کہ کہ خدارا تاریخی عالمگیری مسجد کو تفریح گاہ اور سیرگاہ بننے سے بچائیں اور اسے سجدہ گاہ ہی رہنے دیں۔ لیڈی ڈیانا سے لے کر آج تک برطانوی شہزادوں کے ناپاک قدموں سے اسے بچائیں۔ در ایں اثناء تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے مرکزی ترجمان علامہ محمد جمیل بیگ جلالی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے زیرِ اہتمام 3 جنوری کو ملک بھر میں غازی ممتاز حسین قادری کے عشقِ رسول ﷺ کو سلام کرنے کیلئے ”یومِ عشقِ رسول ﷺ“ منایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 836108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش