0
Thursday 2 Jan 2020 23:52

دشمنوں کی کوشش ہے کہ پاکستان کے اندر انتشار پھیلایا اور منافرت کو ہوا دی جائے، شاہ محمود قریشی 

دشمنوں کی کوشش ہے کہ پاکستان کے اندر انتشار پھیلایا اور منافرت کو ہوا دی جائے، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہا کر دی گئی، ہندوستان میں پارسی، بدھ، عیسائی اور بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے، اس سے پاکستان کی قدر و قیمت کا پتہ چلتا ہے کہ پاکستان ہمارے لیے کتنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم کے 706ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، پیر ظہور حسین قریشی، میاں جمیل، رانا عبدالجبار و یگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو جمعہ کی نماز تک ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ ہندوستان دعویٰ تو سیکولرازم کا کرتا ہے، لیکن بھارت میں رہنے والی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی حکومت کی ہندو توا کی سوچ نے اقلیتوں کو آئین میں دیئے گئے تمام حقوق پامال کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ مسلط کی گئی ہے، جنگ کی اس نئی قسم میں ٹینک اور توپ کا استعمال نہیں ہوتا اگرچہ ہماری سرحدوں پر یہ بھی ہو رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دشمنوں کی کوشش ہے کہ پاکستان کے اندر انتشار پھیلایا اور منافرت کو ہوا دی جائے۔ جس سے دنیا کو پیغام جائے کہ یہ قوم منتشر ہو رہی ہے۔ آپ کو نفسیاتی طور کمزور بنانا اس وار فئیر کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں دشمن پہچان لیتی ہیں، وہ بھٹکتی نہیں ہیں ،صحیح راستہ چن لیتی ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہم بحیثیت قوم تہیہ کر لیں کہ پاکستان کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنے والوں کے ارادوں کو خاک میں ملانا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ایک طاقتور قوم ہیں، کمزور نہیں ہیں، مالی مشکلات ہیں، ان پر بھی غلبہ پا لیں گے، وزیر خارجہ نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان آستانوں سے دشمن کو یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگیوں کو خوبصورت بنا سکتے ہیں، معاشرے کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ اولیاء اللہ نے امن، رواداری اور اخوت کا پیغام عام کیا، انہی کی تعلیمات سے متاثر ہو کر غیر مسلموں کی بڑی تعداد حلقہ اسلام میں داخل ہوئی۔ ان کا فیض آج بھی جاری ہے، لوگ یہاں آتے ہیں اور دلی مرادیں پاتے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین قریشی، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری جاوید اخترانصاری، سیکرٹری اوقاف گلزار حسین، علمائے کرام، مشائخ عظام، تاجروں سمیت زائرین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 836173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش