0
Friday 3 Jan 2020 00:35

اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو مسائل میں اضافہ بھی نہ کریں، علامہ اقتدار نقوی 

اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو مسائل میں اضافہ بھی نہ کریں، علامہ اقتدار نقوی 
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایل پی جی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ کرکے قوم کو نئے سال کا تحفہ دیدیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 2 روپے 61 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 2 روپے 25 پیسے، ڈیزل کی قیمت فی لٹر127روپے 26 پیسے اور لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 10 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے 56 پیسے کا اضافہ ہوا۔ ایک سال کے دوران حکومت نے 7 بار پٹرولیم کی مصنوعات میں مجموعی طور پر 20 روپے کا اضافہ کیا ہے، جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتے تو مسائل میں اضافہ بھی نہ کریں۔

2019ء حکومتی ناکامیوں کا سال تھا، عوام کو صاف پانی، خالص اشیاء، صحت کی بنیادی سہولتیں، ملاوٹ سے پاک چیزیں، لاقانونیت، عوام کو عدم تحفظ اور اس طرح کے ان گنت مسائل درپیش ہیں۔ معاشرے کی اجتماعی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جائے، یہی اصل تبدیلی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس زبانی کلامی اقدامات اور دکھاوے کے سوا کچھ نہیں۔ صرف17 ماہ میں ہی تحریک انصاف کی حکومت عوام میں اپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اداروں کے درمیان عدم تعاون اور چپقلش کی فضاء ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔ پاکستان اندرونی لحاظ سے مضبوط ہوگا تو بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ ضرورت اس امر ہے کہ حکمران اپنی اصلاح کرتے ہوئے رویوں میں مثبت تبدیلی لائیں اور مخلص ہوکر ملک و قوم کی خدمت کریں۔
خبر کا کوڈ : 836177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش