QR CodeQR Code

ابو طالب علہیم السلام کو سلام پیش کئے بغیر حسینیت ع کا حق ادا نہیں ہوتا، اصغر درس

7 Jul 2011 20:13

اسلام ٹائمز: "حسینیہ مشن" حسین آباد کے زیر اہتمام "یوم الحسین علیہم السلام" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور عالم دین کا کہنا تھا کہ ہم عام حالات میں اپنے عزیز یا عزیزہ کا نکاح پڑھاتے ہیں تو کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ متقی، باعمل اور صاحب کردار مولوی کے پاس جائیں، لیکن محمد عربی ص جیسی شخصیت کا نکاح پڑھانے والے محسن اسلام کے ایمان پر شک کرنا افسوس ناک ہے۔


اسکردو:اسلام ٹائمز۔ نامور عالم دین مولانا اصغر درس نے کہا ہے محمد ص عربی کا نکاح پڑھانے والے کے ایمان پر شک کرنے والوں پر افسوس ہے، اسلام پر ابو طالب علیہ السلام کا احسان عظیم ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے "حسینیہ مشن" حسین آباد کے زیر اہتمام "یوم الحسین علیہم السلام" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم عام حالات میں اپنے عزیز یا عزیزہ کا نکاح پڑھاتے ہیں تو کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ متقی باعمل اور صاحب کردار مولوی کے پاس جائیں، لیکن محمد ص عربی جیسی شخصیت کا نکاح پڑھانے والے محسن اسلام کے ایمان پر شک کرنا افسوس ناک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ابو طالب علیہ السلام کو سلام پیش کئے بغیر حسینیت علیہم السلام کا حق ادا نہیں ہو سکتا، کیونکہ ابو طالب علیہم السلام وہ باکمال کردار ہیں جن کی آغوش میں محسن انسانیت اور خاتم الانبیاء نے پرورش پائی۔ اُنہوں نے کہا کہ کراچی کی دہشت بھری مسموم فضاء سے بلتستان کے محبت بھرے گہوارے کے امن و سکون، بھائی چارگی کے سحر نے مجھے جکڑ لیا، جہاں کی بلندیوں، صحراوں اور پہاڑوں سے امن و محبت کی خوشبو آ رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شاید میرا نام حسینیوں کی فہرست میں شامل تھا یا پھر زہراء سلام اللہ علیہا کے لال نے مجھے اپنی غلامی میں لیا ہے، اسی لئے اس مقدس اور بابرکت محفل میں موجود ہوں، جہاں کے ذرے ذرے میں ولایت علی علیہ السلام اور محبت اولاد علی علہیم السلام رچی بسی ہوئی ہے۔ 
اس سے قبل تقریب سے دیگر مقامی علمائے کرام نے بھی ولادت حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے فضائل پر روشنی ڈالی جبکہ شعراء اور نعت خوانوں نے امام عالی مقام کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مرکزی امام بارگاہ حسین آباد کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اور اس محفل میلاد میں شرکت کرنے کیلئے سکردو کے دوردراز علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔


خبر کا کوڈ: 83620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/83620/ابو-طالب-علہیم-السلام-کو-سلام-پیش-کئے-بغیر-حسینیت-ع-کا-حق-ادا-نہیں-ہوتا-اصغر-درس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org