0
Friday 3 Jan 2020 16:18

قاسم سلیمانی اور ابومہدی مہندس کی شہادت، امریکہ کیوجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے، علامہ ساجد نقوی

قاسم سلیمانی اور ابومہدی مہندس کی شہادت، امریکہ کیوجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بغداد میں دو عظیم مزاحمت کاروں جنرل قاسم سلیمانی، عراق کے ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی امریکی حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جیسی استعماری طاقتوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے، جنہیں انسانی حقوق کی کوئی پرواہ ہے، نہ خود امریکی قوانین اور نہ ہی بین الاقوامی حدود کا کوئی لحاظ، امریکی جارحیت تمام حدیں کراس کرچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ساجد نقوی نے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنرل قاسم سلیمانی، ان کے استقبال کے لئے آنیوالے عراقی ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں پر ہونیوالے امریکی دہشتگردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت، دونوں مزاحمت کاروں اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس داد تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف عملی طور پر جدوجہد کی اور بہت بڑے فتنے کا نہ صرف خاتمہ کیا بلکہ دیگر استعماری قوتوں کی سازشوں کو بھی اپنی حکمت عملی، تدبر اور بہترین رہنمائی کے ذریعے ناکام بنایا۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ امریکہ جیسی استعماری قوتوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے، اس استعماری ملک کی جارحیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ جب چاہے، جہاں چاہے، اس خطے اور ملک کو تاراج کر دیتا ہے، اسی استعماری طاقت کی وجہ سے آج مشرق وسطیٰ میں اسرائیل جیسا ناجائز وجود پروان چڑھا، جاپان (ناگا ساکی، ہیروشیما) عراق، افغانستان اور شام میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے، ان ملکوں میں تباہی پھیلائی گئی اور عوام کو اپنے ہی وطن میں مہاجر بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم استعماریت، ظلم، جبر کے خلاف مزاحمت کرنیوالے سرفروشان اسلام کو تحسین پیش کرتے ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی، عظیم مزاحمت کاروں کے خانوادوں اور چاہنے والوں سے اظہار تعزیت و تبریک کرتے ہوئے شہداء کے بلندی درجات کی دعا کی اور کہا کہ ہم اس غم میں آپ کے ساتھ شریک ہیں، یہ نقصان صرف ان خانوادوں کا نہیں بلکہ تمام ذی شعور حریت پسندوں کا ہے، ان شہداء کا خلاء بمشکل ہی پر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 836282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش