0
Friday 3 Jan 2020 17:46

ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملے کیخلاف احتجاجی ریلی 

ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملے کیخلاف احتجاجی ریلی 
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈ کے سربراہ حاج قاسم سلیمانی پر بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیوملتان سے چوک کمہاراں والا احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، علامہ قاضی نادر حسین علوی، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر، مولانا عمراان ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، سلیم عباس صدیقی، مرزا وجاہت علی اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے پرچم، پلے کارڈز اور بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ، اسرائیل اور داعش کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی نے کہا کہ امریکہ نے ایک بار پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور ایک ایسے مجاہد جانباز اور شیر دلاور کو شہید کیا ہے جس نے شعائراللہ کی حفاظت کی، داعش کو ناکوں چنے چبوائے اور اسی غم میں امریکہ کو مبتلا کردیا، آج انسانی حقوق کے عالمی ادارے امریکہ کی اس حماقت پر کیوں خاموش ہیں، امریکہ اس خطے میں آگ لگانا چاہتا ہے، امریکہ ایک بار پھر اپنی حماقتوں کی وجہ سے دنیا میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے، امریکہ سن لے ہم اس کی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ امریکہ عالمی دہشت گرد ہے اور عراق میں داعش، القائدہ اور امریکہ کے مفادات و عزائم یکساں ہیں، عالم اسلام کو درپیش تمام مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم حکمران قومی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے قطع تعلقی کا اعلان کریں اور مسلم ممالک میں امریکی سفارت خانوں کو بند کرنے کا حکم صادر کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنی نابودی کی بنیاد اپنے ہاتھوں سے رکھ دی ہے۔ آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر نے کہا کہ طاقت اور رعونت کے نشے میں مدہوش امریکہ کے جارحانہ عزائم پوری دنیا کے امن کو تہس نہس کر دیں گے، امریکہ جس آگ سے کھیل رہا ہے وہ آگ اس کے اپنے دامن سے لپٹ سکتی ہے۔ عراق پر امریکہ نے حملہ کر کے اس کی داخلی خودمختاری کو چیلنج کیا ہے، عالمی قوانین ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دیتے، امریکی حملے نے امت مسلمہ کے دلوں امریکہ کے خلاف نفرت اور غصے میں اضافہ کیا ہے،۔

علامہ غلام مصطفی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے شہید قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کیا اور گزشتہ روز کبیروالا میں امام زمانہ علیہ السلام کی شان میں ہونے والی گستاخی کی مذمت کرتے ہوئے خانیوال انتظامیہ سے گستاخوں کے خلاف فی الفور کاروائی کا مطالبہ کیا۔ علامہ انصاری نے کہا کہ خانیوال انتظامیہ لیت و لعل سے کام لے رہی ہے اور ابھی تک اس گستاخ کے خلاف کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اُٹھا یا گیا ہم حکومت پنجاب اور خانیوال انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ فی الفور اس گستاخ اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرے ورنہ حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، ریلی کے اختتام پر امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 836299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش