QR CodeQR Code

قاسم سلیمانی پر حملہ نئے سال کی بدترین دہشتگردی ہے، نیاز نقوی

3 Jan 2020 19:52

اپنے تعزیتی بیان میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ چند روز قبل عراق پر امریکی حملے پر عرب ممالک کی مجرمانہ خاموشی دو عظیم مجاہدین اسلام کی شہادت کے سانحہ کا موجب بنی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہیروشیما، ناگاساکی سے لیکر افغانستان، عراق و دیگر ممالک تک انسانیت کُش مظالم سے امریکہ نے ایک خونخوار بھیڑیئے کا کردار ادا کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے القدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل حاج قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی ابو مہدی المہندس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کے سرپرست امریکہ کا مجاہد ایرانی و عراقی جرنیلوں پر حملہ نئے سال کی بدترین دہشتگردی اور ظالمانہ امریکی تاریخ کا بھیانک تسلسل ہے۔ پاکستان سمیت عالَم ِ اسلام کو خونخوار داعش کے نجس وجود سے نجات دینے والے جنرل قاسم سلیمانی بلاشبہ تمام مسلمانوں کے محسن تھے۔ تعزیتی بیان میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ حزب اللہ، سپاہِ قدس اور عراقی رضاکار فورس (الحشد الشعبی) نے فقط اسرائیل اور داعش کا مقابلہ کیا جبکہ اسلام کو بدنام کرنے والی، امریکی سرپرستی میں بنائی گئی نام نہاد جہادی تنظیمیں اہلبیت، صحابہ کرام، بزرگان کے مزارات کو منہدم کرنے، بے گناہ مسلمانوں کو قتل کرنے، زندہ جلانے اور ان کی کھالیں اتارنے جیسے انسانیت سوز جرائم کی مرتکب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند روز قبل عراق پر امریکی حملے پر عرب ممالک کی مجرمانہ خاموشی دو عظیم مجاہدین اسلام کی شہادت کے سانحہ کا موجب بنی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہیروشیما، ناگاساکی سے لیکر افغانستان، عراق و دیگر ممالک تک انسانیت کُش مظالم سے امریکہ نے ایک خونخوار بھیڑیئے کا کردار ادا کیا ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ خطے کے عرب ممالک مسلمانوں کے قتل ِعام میں امریکہ و اسرائیل کے قابلِ مذمت حلیف ہیں۔ قرآن کے اٹل فیصلے کے تحت ظالم، ظالموں کے مددگار اور ظلم پر خاموش رہنے والے آخرت سے پہلے دنیا میں بھی شدید عذاب سے دوچار ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 836333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/836333/قاسم-سلیمانی-پر-حملہ-نئے-سال-کی-بدترین-دہشتگردی-ہے-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org